• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کو ہر محاذ پر شکست دیں گے، چوہدری پرویز اقبال لوہسر

برسلز (نمائندہ جنگ) بھارت کو ہر محاذ پر شکست فاش دیں گے، چاہے وہ پاکستان کے سرحدی علاقوں کی خلاف ورزی ہو یا کلبھوشن یادیو کی صورت میں گرفتار ہونے والے جاسوس کی ہو، یورپ میں بھارتی فنڈ سے چلنے والی پی ٹی ایم ہو یا پاکستان مخالف پراپیگنڈہ ہو ہر جگہ پاکستان کا دفاع کرتے رہیں گے، ان خیالات کا اظہار چیئرمین ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے عالمی عدالت انصاف میں زیر سماعت کیس کلبھوشن یادیو عرف مبارک حسین پٹیل کے فیصلہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ خاور قریشی جیسے پاکستان کے بیٹوں کے ہوتے ہوئے کوئی بھی ملک کا دشمن پاکستان کا بال بھی بیکا نہیں کرسکتا۔ انہو ں نے کہا کہ یورپ اور دیگر ممالک میں بھارت پاکستان کے خلاف گندا کھیل کھیل رہا ہے۔ کلبھوشن یادیو کے عالمی عدالت کے فیصلہ کے بعد بھارت کا منفی چہرہ کھل کر دنیا کے سامنے آگیا ہے کہ بھارت دنیا میں دہشت گردی کو پروموٹ کرکے دنیا کے امن کو سبوتاژ کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اب دنیا کو بھارتی چالبازیوں کا نوٹس لینا چاہیے اور کشمیر میں جاری بھارتی فورسز کے ظلم و ستم کی مذمت کرتے ہوئے مظلوم کشمیریوں کا ساتھ دینا چاہیے اور انہیں اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق رہنے دینا چاہیے۔ واضح رہے کہ پاکستان کے وکیل خاور قریشی نے عالمی عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت جھوٹ کی کمزور دیوار پر بیٹھا ہے اور وہ سچائی کا راستہ روکنے کے لیے پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرتے ہوئے، ایک طرف عالمی عدالت انصاف سے رجوع کیا کہ ان کی مدد کی مدد کی جائے تو دوسری طرف پاکستان کے سوال کا تحریری جواب دینے سےانکار کر دیا۔ انھوں نے بتایا کہ بھارت نے کلبھوشن کی شہریت کاہی اعتراف نہیں کیا تو قونصلر رسائی کا مطالبہ کیسے کرسکتا ہے۔ خاور قریشی نے بھارتی صحافی کرن تھاپر اور پراون سوامی کی دی گئی رپورٹس کےحوالے سے کہا کہ ویانا کنونشن کے تحت کیس میں ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فورم موجود ہے، بھارت کا 47 سال کی عمر میں کلبھوشن کا ریٹائرمنٹ کا کہنا ناقابل فہم ہے، بھارت نے نہیں بتایا کہ وہ حسین مبارک پٹیل ہے یا کلبھوشن یادیو، کلبھوشن کی گرفتاری کے بعد بھارت نے کیا تحقیقات کیں؟ کلبھوشن کے پاس مسلمان نام سے پاسپورٹ کیوں موجود تھا، کلبھوشن کو ایران سے پاکستان اغوا کر کے لانے کے الزام کا کیا ثبوت ہے۔
تازہ ترین