اولڈہم(آصف مغل) آل پاکستان مسلم لیگ برطانیہ کے مرکزی چیف ایڈوائزر چوہدری الطاف شاہد نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف علاج کی غرض سے باہر گئے ہیں، سیاسی مخالفین بلاجواز تنقیدکرکے اپنا سیاسی قد بڑھانے کی کوشش نہ کریں۔ صدر پرویز مشرف آرمی کے نڈر سابق سپہ سالار تھے وہ دشمنوں کا مقابلہ کرنا بخوبی جانتے ہیں۔ صحت یابی کے بعد جلد واپس آکر پاکستانی عوام کو روایتی سیاستدانوں سے نجات دلائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز انہوں نے ’’نمائندہ جنگ‘‘ سے اپنے چیمبر آفس میں خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ چوہدری الطاف شاہد نے کہا کہ پرویز مشرف ایک محب وطن لیڈر ہیں جنہوں نے انتہائی نازک حالات میں پاکستان کو سنبھالا دیکر معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا۔ ان کی غیر موجودگی میں ان کے خلاف مخالفین نے کئی مقدمات قائم کئے اور ان کو وطن واپس آنے میں خوفزدہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن انہوں نے بیرون ملک اپنے آرام و آرائش کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پاکستان واپس جاکر اپنے خلاف قائم کردہ مقدمات کا سامنا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف واحد لیڈر ہیں جنہوں نے پاکستان اور اپنی عوام کی خاطر خود کو احتساب کیلئے عدالتوں میں پیش کیا جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ چوہدری الطاف شاہد نے کہا آج ان پر انگلیاں اٹھانے والے اپنے گریبانوں میں جھانکیں کہ انہوں نے اپنے اپنے ادوار حکمرانی میں پاکستان اور عوام کیلئے کیا کارہائے نمایاں سرانجام دیئے۔ سابق صدر پرویز مشرف نے اپنے دور حکومت میں پاکستان کی اکانومی کو مضبوط کرتے ہوئے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا۔ ان کے دور حکومت میں غیر ملکی قرضوں کی شرح انتہائی کم درجے پر آگئی اور قومی خزانے پر بوجھ کو کم کرتے ہوئے محفوظ بنایا۔ ’’جنگ‘‘ کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے چوہدری الطاف شاہد نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور بلاول بھٹو زرداری کا واویلا عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے انہوں نے اپنے دور حکومت میں جنرل (ر) پرویز مشرف کو گارڈ اف آنر دیکر رخصت کیا جبکہ اس وقت بھی بے نظیر بھٹو کے متعلق ان پر الزامات تھے، یہ سب سیاسی شعبدہ بازی ہے۔