• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فی زمانہ بہت سے لوگوں کی آرزو ہوتی ہےکہ ان کی اپنی چھت ہو اور وہ اس کیلئے بہت تگ و دو بھی کرتے ہیں۔ البتہ جن کے پاس اپنا گھر موجود ہے تووہ ٹرینڈز سے ہم آہنگ ہوتے ہوئے اس میں مختلف تبدیلیاں لاتے رہتے ہیں۔ گھر کو ماڈرن لُک دینے میں چھت بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ آپ اپنے گھر میں تزئینِ نو کے ذریعے کمروں کی چھت کو نت نئے انداز دے سکتے ہیں یا اگر آپ گھر تعمیر کروارہے ہیں تویہی سب سے اچھا موقع ہے کہ ان کے لیے مختلف اسٹائل منتخب کریں۔ آئیں چھتوں کی چند اقسام کے بارے میں جانتے ہیں۔

والٹڈ سیلنگ

کسی بھی قسم کی چھت میں زیادہ اونچائی والی چھت کو والٹڈ سیلنگ (Vaulted Ceiling)کہتے ہیں ۔ دراصل یہ مجموعی طور پر دیگر اسٹائل کی ایک کیٹیگری ہے ، جس کے تحت اونچی، کیتھڈرل یا شیڈ سیلنگ وغیرہ آتی ہیں۔ سیدھی ، لمبی سیلنگ وغیرہ عام طور پر اس زمرے میں نہیں آتیں ، لیکن انہیں اس میں شمار کیا جاسکتاہے۔

کیتھڈرل سیلنگ

کیتھڈرل سیلنگ(Cathedral Ceiling) ایک متشاکل یا متناسب (Symmetrical) ڈیزائن ہوتاہے۔ ہر سمت میں ایک جیسی لمبائی ہوتی ہے اور مرکز میں جاکر یہ محراب نما تکونی چوٹی (Apex)بناتی ہے۔ یہ کلاسک اور شاندار دکھائی دیتی ہے۔ اس چھت کی بناوٹ کی وجہ سے آپ اس پر دوسری منزل تعمیر نہیں کرسکتے۔ بہت سے گھر ایسے ہیں جہاں لیونگ روم میں ایسی ہی چھت بنائی جاتی ہے، باقی دیگر کمروں پر دوسرے کمرے بنا لیے جاتے ہیں۔

کوفرڈ سیلنگ

کوفرڈ سیلنگ (Coffered Ceiling) ایک زبردست آپشن ہے، جسے کرائون ماڈلنگ بھی کہتے ہیں۔ دراصل اس ڈیزائن میں بیمز کا امتزاج بنایا جاتاہے۔ جیوگرافیکل پیٹرن کو سامنے لاتے ہوئے یہ بیمز کنکریٹ کے ساتھ ساتھ لکڑی کی بھی ہوسکتی ہیں، جو کہ مربع یامستطیل شکل میں لگائی جاتی ہیں۔ یہ ڈیزائن دیکھنےمیں آنکھوں کو بھلا لگتا ہے اور گھر کے منظر کو عمدہ بناتا ہے۔

ٹرے سیلنگ

ٹرے سیلنگ (Tray Ceiling) کے نام سے ہی ظاہرہے کہ یہ ٹرے یا طشت نماہوتی ہے، جس سے کمرے کی چھت ٹرے جیسے دکھائی دیتی ہے۔ اس طرح چھت میں گہرائی پیدا ہوتی ہے، دوسرے لفظو ں میں یوں کہیں کہ اس سے آپ کا کمرہ بڑا دکھائی دیتاہے۔ لونگ روم، ڈائننگ روم یا کچن کیلئے یہ بہت عمدہ انتخاب ہے۔ اس چھت میں لکڑی کا استعمال اسے اور بھی دیدہ زیب بنا دیتا ہے۔

شیڈ سیلنگ

شیڈ سیلنگ (Shed Ceiling)والٹڈ سیلنگ کی ہی ایک قسم ہے۔ اس کے زاویےاوپر کی جانب یا پھر نیچے کی جانب بنتے ہیں ۔ سادہ اور پُروقار ہونے کی بنا پر یہ ڈیزائن زیادہ تر گھروںمیں دکھائی دیتا ہے۔ چھت کا درمیانی حصہ اتنی بلند ی پر ہوتاہے کہ ا س کے نیچے روشن دان نما کھڑ کی لگائی جاسکتی ہے اورکمرے میں قدرتی روشنی کا وافر انتظا م ہو سکتاہے۔

کوو سیلنگ

کوو سیلنگ(Cove Ceiling) بہت سے ڈیزائن میں آتی ہے۔ ا س میں ڈھلوان سطح یا مخروطی لائنوںکے ساتھ دیواروں کو چھت سے ملا دیا جاتا ہے، تاہم ا س میں زاویے کا بہت خیال رکھا جاتاہے ۔یہ آپ کی مرضی ہے کہ چھت کی طرف جاتا مخروطی حصہ جیسے چاہیں جیومیٹریکل شکل میں بنوائیں یا محض اسے سادہ بیضوی شکل دے دیں۔

  بیمڈ سیلنگ

بیمڈ سیلنگ(Beamed Ceiling) میں بیم چھت کے اندر ہونے کے بجائے باہر نظر آتی ہیں۔ یہ چھت کے بوجھ سہارنے پر منحصرہے کہ آپ کم بیم لگوائیں یا بہت ساری بیمز سے چھت ڈیزائن کروالیں۔ یہ بھی ایک والٹڈ یا سادہ سی چھت ہوتی ہے ، لیکن بیم کی وجہ سے اس میں کشش پیدا ہوجاتی ہے۔ کمرے کی تھیم کے مطابق آپ بیم پر عمدہ رنگ بھی کرواسکتے ہیں۔ اگر بیمز بوجھ سہارنے کیلئے نہیں ہیں تو آرائشی مقصد کیلئے آپ لکڑی کی بیمز بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

بیرل والٹ سیلنگ

آپ نے بڑے بڑے ڈرم تو دیکھے ہوںگے ، اگرڈرم کو عمودی لحاظ سے آدھا کاٹ دیا جائے تو جو شکل بنے گی، یہ چھت بالکل ویسے ہی دکھائی دیتی ہے۔ بیرل والٹ سیلنگ(Barrel Vault Ceiling) کے ڈیزائن کی بدولت چھت کی پوری لمبائی سامنے آجاتی ہے۔ یہ ڈیزائن راہداریوں کیلئے بہت مناسب ہے اور اس سے چھت کی گہرائی بڑھ جاتی ہے۔

ڈوم سیلنگ

اندر سے گول دکھائی دیتی یہ شکل گنبد نما ڈیزائن کوسامنے لاتی ہے۔ چھوٹے کمرے کی چھت ایسی بنائیں تو کمرہ کینوپی نما دکھائی دیتاہے، تاہم ڈوم سیلنگ(Dome Ceiling) ایک دلچسپ ڈیزائن ہے، جس کا انتخاب آپ کو مایوس نہیں کرے گا۔ 

تازہ ترین