• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی سفارتکار کی بارسلونا پولیس چیف سے ملاقات

قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری کی بارسلونا پولیس چیف سے اہم ملاقات ہوئی جس میں مندرجہ ذیل موضوعات پر تفصیلی بات چیت ہوئی ۔

قونصل جنرل نے گذشتہ دنوں منشیات فروشوں کے خلاف کئے جانے والے آپریشن کے حوالے سے پاکستانی مزدور اور بزنس کمیونٹی کے تحفظات کا ذکر کیا۔ جواب میں پولیس چیف نے اِس بات کی یقین دہانی کروائی کے یہ آپریشن قطعی طور پر پاکستانی کمیونٹی کے خلاف نہیں تھا۔ اِس نوعیت کے مختلف آپریشنز مسلسل ہوتے رہتے ہیں جن میں اکثریت دوسری قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افرادکی ہوتی ہے ۔

قونصل جنرل صاحب نے’لا رامبلاس‘ پہ سامان بیچنے والے پاکستانی افراد کے بارے میں بھی بات کی اور پولیس کی جانب سے امتیازی سلوک برتنے پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا جس پر پولیس چیف کا کہنا تھا کہ ایسے پولیس ایکشن لوکل پولیس کی جانب سے ہوتے ہیں جس میں کسی ایک قوم کو نشانہ نہیں بنایا جاتا اور بلا امتیاز جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے ۔

اس کے علاوہ پولیس چیف نے برادرانہ تعلقات کی بنا پر آگاہ کیا کہ آئندہ دنوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت ترین کارروائی ہونے جا رہی ہے جس کے بعد مجرمانہ سرگرمیاں بارسلونا میں تقریباً نا ممکن ہو جائیں گی۔

پولیس چیف نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے افراد جلد کوئی اور ذریعہ معاش ڈھونڈ لیں ورنہ ان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

قونصل جنرل بارسلونا نے پاکستانی ٹیکسی سیکٹر کے تحفظات سے بھی پولیس چیف کو آگاہ کیا جس میں ان کے ساتھ ہونے والے پرتشدد واقعات پر خاص زور دیا چند واقعات سے پولیس چیف پہلے ہی آگاہ تھے۔

انہوں نے اِس بات کی بھی یقین دہانی کروائی کہ اسکی بلا امتیاز تحقیقات جاری ہیں اور بہت جلد قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کو اس حوالے سے مکمل آگاہ کیا جائے گا۔

قونصل جنرل نے اس موقع پر پولیس چیف کو یقین دہانی کرائی کہ اس معاملے میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان آپکی مکمل معاونت کو تیار ہے ۔

اس ملاقات میں صوبہ کاتالونیا کی جیلوں میں قید پاکستانیوں تک قونصلر رسائی کے حوالے سے درپیش مشکلات پر قونصل جنرل نے پولیس چیف سے شکوہ کیا اور اس بات کو یقینی بنانے پر زور دیا کے کوئی بھی پاکستانی شہری جب بھی گرفتار ہو تو فوری قونصلیٹ جنرل آف پاکستان بارسلونا کومطلع کیا جائے ۔

اِس کے علاوہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی جس میں پولیس چیف کا کہنا تھا کہ پاکستانی کمیونٹی محنت کشوں اور ایماندار لوگوں پر مشتمل ہے اور زیادہ تر افراد کامیاب کاروبار سے منسلک ہیں اور اپنے شہری فرائض بخوبی اور احسن طریقے سے ادا کر رہے ہیں اور اسپینش قانون نافذ کرنے والے ادارے پاکستانی کمیونٹی کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

اس سلسلے میں انہوں نے کہا کے پاکستانی کمیونٹی معاشرتی میل ملاپ میں کچھ پیچھے ہے لیکن یہ وقت کے ساتھ ٹھیک ہو سکتا ہے جس پر قونصل جنرل نے انکا شکریہ ادا کیا اور کہا کے پاکستانی کمیونٹی بھی اسپینش قوانین کی پاسداری کرتی ہے اور اس صوبہ کاتالونیا اور بالخصوص بارسلونا کواپنا شہر مانتی ہے اور

اِس کی حفاظت اور قوانین پر اسی طرح سے عمل پیرا ہوتے ہیں جس طرح وہ اپنے وطن کے قوانین کا احترام کرتے ہیں۔

تازہ ترین