گھوٹکی میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 205 کی نشست پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا آغاز ہو گیا، پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
حلقہ این اے 205 پر ضمنی الیکشن کے لیے انتخابی مہم گزشتہ رات ختم ہو گئی تھی، پولنگ کے تمام انتظامات اور الیکشن میٹریل کی تقسیم کا کام بھی مکمل ہو گیا تھا۔
این اے 205 کی نشست پی ٹی آئی کے وفاقی وزیر علی محمد خان مہر کے انتقا ل کے بعد خالی ہوئی تھی جس پر آزاد امیدوار احمد علی مہر اور پیپلز پارٹی کے امیدوار محمد بخش مہر اہم امیدوار ہیں۔
حلقے میں 3 لاکھ 60 ہزار 875 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں، جن میں مردوں کی تعداد 2 لاکھ 4 ہزار 980 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 55 ہزار 895 ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اس حلقے میں 290 پولنگ اسٹیشن قائم کیے ہیں،جن میں سے 56 پولنگ اسٹیشنز مردوں کے لیے، 56 ہی خواتین کے لیے جبکہ 178 مشترکہ پولنگ اسٹیشن ہیں۔
صوبائی الیکشن کمشنر نے آج (الیکشن کے روز) اس حلقے میں اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد کر دی ہے۔
الیکشن کے لیے پولیس کے 3200، رینجرز کے 900 جبکہ پاک آرمی کے 1055 آفیسرز و اہلکار ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔