• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’بد امنی پھیلا کر اپوزیشن اپنی کرپشن چھپانا چاہتی ہے‘

خیبر پختونخواہ اسمبلی کے اسپیکر مشتاق غنی نے کہا ہے کہ فاٹا کے لوگ کل بھی محب ِوطن پاکستانی تھے اور آج بھی وہ اسی طرح اپنے وطن سے محبت کرتے ہیں۔

تحریک انصاف کے مقامی رہنماؤں کی جانب سے خیبر پختونخواہ اسمبلی کے اسپیکر مشتاق غنی کے اعزاز میں عشائیہ کا انتظام کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ حالیہ انتخابات میں حصہ لے کر عوام نے ایسے تمام  لوگوں کو مسترد کردیا ہےجو غیر ملکی ایجنڈے کے تحت حقوق کے نام پر بد امنی پھیلا رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پر امن انتخابات ہو چکے اور لوگوں نے اپنے نمائندے منتخب کر لئے ہیں۔ اب منتخب نمائندوں کو ایک صحیح پلیٹ فارم میسر ہے۔  جہاں وہ اسمبلی میں اپنے حقوق کی آواز اسی طرح بلند کریں گے جس طرح دوسرے علاقوں کے نمائندے کرتے ہیں۔

اسپیکر کے پی کے اسمبلی نے کہا اب قومی اور صوبائی حکومت نئے شامل ہونے والے اضلاع کے لیے بے تحاشا وسائل خرچ کرنے جارہی ہے۔ جس سے علاقے میں انقلابی تبدیلی واقع ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب افغان جنگ اور ڈرون حملوں کے باعث اس علاقے پر دہشت گردی کا دباؤ  آیا تو جہاں پاک فوج نے بے انتہا قربانیاں دیں وہیں سابق فاٹا کے لوگوں نے اپنے گھر بار چھوڑ کر اس آپریشن کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔

انہوں نے کسمپرسی میں زندگی گزاری جس کے بعد وہ تعلیم اور سماجی ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گئے۔ اب آنے والے تمام وسائل کا رخ اس سماجی ترقی کی بحالی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ نمائندہ جنگ کے اس سوال پر کہ ’مستقبل میں چلنے والی سیاسی تحریک میں اپوزیشن مولانا فضل الرحمٰن پر بھروسہ کئے ہوئے ہے اور ان کی سیاسی قوت کا مرکز خیبر پختونخواہ گردانا جاتا ہے۔ آپ کی صوبائی حکومت اسے کس طرح ڈیل کرے گی؟‘

اسپیکر مشتاق غنی نے جواب دیا کہ ہمیں پاکستان کے عوام نے منتخب کیا ہے اور ہمیں ان پر بھروسہ ہے۔ جو حالات آج پیدا ہوئے ہیں یہ اس حکومت کے پیدا کردہ نہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت صحیح سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔ در حقیقت ٹیکس نیٹ میں اضافے کا اعلان مہنگائی کا سبب ہے لیکن یہ سب پاکستان کے مستقبل کے لیے ضروری ہے۔

وزیر اعظم یہ سب کام اپنی جیبیں بھرنے کیلئے تو نہیں کر رہے ہیں۔ نہ ہی اس حکومت میں چور بیٹھے ہیں کہ وہ عوام کا پیسہ چوری کرکے اپنے لیے کوئی چیز بنائیں گے۔ اس نظام میں تبدیلی کے ذریعے جو پیسہ آئے گا وہ عوام پر ہی خرچ ہوگا۔ اس لئے میں سمجھتا ہوں کہ عوام اپوزیشن کی کال کو اس لئے مسترد کر دیں گے، کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ عوام کے نام پر بد امنی پھیلا کر اپوزیشن اپنی کرپشن چھپانا چاہتی ہے۔

پشاور بی آرٹی کے متعلق پوچھے گئے سوال پر خیبر پختونخواہ اسمبلی کے اسپیکر نے کہا کہ یہ 3سالہ منصوبہ تھا۔ جس پر مختلف وجوہات کی بناء پر کام کی رفتار ضرور سست رہی لیکن یہ اپنے وقت کے اندر مکمل ہوجائے گا۔ جبکہ اس کی لاگت کے متعلق بھی غلط معلومات پھیلائی جارہی ہیں۔

صوبائی وزیر شوکت یوسف زئی کے مطابق اس پر 29 ارب لاگت آئی ہے۔ عشائیے کے شرکاء میں شکیل گوہر،چودھری زاہد بھدر، علی چودھری، امین الحق، نوید خان، عرب گل، آصف برلاس اور ریاض ملک نمایاں تھے۔

تازہ ترین