• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عذاب خان کی صورت میں ملک میں سول ڈکٹیٹرشپ قائم ہے، نثار کھوڑو

پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے گھوٹکی کے ضمنی الیکشن میں پارٹی امیدوار محمد بخش مہر کی جیت کو وفاقی حکومت کی ناکامی قرار دیدیا۔

نثار کھوڑو نے ایک بیان میں کہا کہ عوام نے این اے 205 گھوٹکی انتخابات میں مہنگائی کا طوفان دینے والی سلیکٹڈ وفاقی حکومت اور اس کے امیدوار کو مسترد کردیا ہے۔

نثار کھوڑو نے گھوٹکی این اے 205 میں محمد بخش مہر کی کامیابی پر پارٹی قیادت اور حلقے کی عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی کامیابی عوام کی کامیابی ہے۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ تبدیلی اور عوام دشمن سرکار کا ڈراپ سین گھوٹکی سے ہوچکا ہے اب جب جب عوام کو موقع ملے گا وہ پورے ملک میں تبدیلی سرکار کا ایسا ہی حشر کرینگے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار کو کامیاب کرا کے کھلی آواز میں بتادیا گیا ہے کے اب سلیکٹڈ حکمرانوں کے سلیکٹڈ محرے عوام دیکھنا بھی نہیں چاہتی۔ ملک بھر سے عوام کی ایک ہی آواز ہے گو عمران گو۔

پیپلزپارٹی کے رہنما نے مزید کہا کہ عذاب خان کی صورت میں ملک میں سول ڈکٹیٹر شپ قائم ہے، جس کا اب عوام  ہر موڑ پر مقابلہ کرینگے۔ تبدیلی سرکار کا پول عوام کے سامنے کھل چکا ہے۔

نثار کھوڑو نے مزید کہا کہ سلیکٹڈ عمران خان کو اقتدار چھوڑ دینا چاہیے اور ملک بھر میں شفاف انتخابات کروائے جائیں۔ عمران خان کے ہوتے ہوئے ملک صدیوں پیچھے چلا جائے گا اور ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری مزید بڑھے گی۔

تازہ ترین