کراچی پولیس کی جانب سے ٹی وی اینکر مرید عباس کے قتل کے کیس میں گرفتار ملزم عاطف زمان کے خلاف مقدمے میں انسدادِ دہشت گردی کی دفعہ شامل کر لی گئی ہے۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن طارق دھاریجو کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ ملزم کے اقدام سے عوام میں خوف و ہراس اور دہشت پھیلی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس کیس میں انسدادِ دہشت گردی کی دفعہ سیون اے ٹی اے شامل کر کے رپورٹ آج عدالت میں جمع کرائی جائے گی۔
واضح رہے کہ 9 جولائی کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پیسوں کے لین دین کے تنازع پر ملزم عاطف زمان نے ٹی وی اینکر مرید عباس اور ان کے دوست کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔
ملزم عاطف زمان نے اس دہرے قتل کے بعد خود کو بھی گولی مار لی تھی اور وہ پولیس کی حراست میں اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔