• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیو ایم راضی ہو تو فلیٹ شمائلہ کو منتقل کرنے پر تیار ہوں، محمد انور

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) متحدہ قومی موومنٹ کے سابق سنیئر رہنما محمد انور نے پیشکش کی ہے کہ اگر ایم کیو ایم قیادت متفق ہو تو وہ عمران فاروق کی بیوہ کو فلیٹ ٹرانسفر کردیں گے۔ قبل ازیں جنگ نے شمائلہ عمران فاروق کی انتہائی کسمپرسی کی زندگی پر روشنی ڈالی تھی۔ ایک بیان میں محمد انور نے اس نامہ نگار کی اس ہفتہ کے آغاز پر شائع ہونے والی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عمران فاروق کی بیوہ اور ان کے بیٹے کے افسوس ناک حالات پر مبنی رپورٹ پڑھ کر فیصلہ کیا ہے کہ221 وٹچرچ لین پر واقع فلیٹ بخوشی مسز شمائلہ فاروق کے نام ٹرانسفر کرنے کو تیار ہیں، تاکہ وہ اپنے بیٹوں کے ہمراہ وہاں عزت اور وقار کے ساتھ رہ سکیں۔ واضح رہے کہ185وٹچرچ لین اور 221 وٹچرچ لین کے فلیٹ محمد انور اور طارق میر کے نام پر ٹائٹل ڈیڈ میں رجسٹر ہیں۔ پانچ ٹرسٹیز ان پراپرٹیز کی دیکھ بھال کر رہے تھے، جن میں الطاف حسین، طارق میر، افتخار قریشی، محمد انور اور قاسم علی رضا شامل ہیں۔ ٹائٹل ڈیڈ میں پراپرٹی کی بینیفیشری ایم کیو ایم ہے۔ محمد انور اور طارق میر کا ان پراپرٹیز کی ملکیت پر الطاف حسین سے ایک قانونی تنازع چل رہا تھا، جس کی وجہ سے انہوں نے یہ پراپرٹیز ایم کیو ایم کے بانی یا کسی دوسرے کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایچ ایم آر سی کی جانب سے انکوائری مکمل ہونے پر وہ یہ پراپرٹیز ایم کیو ایم رہنما کو واپس کر دیں گے۔ محمد انور کی پیشکش ایسے وقت کی گئی ہے جب یہ بات سامنے آئی کہ شمائلہ بے گھر ہونے والی ہیں۔

تازہ ترین