کراچی (اسٹاف رپورٹر)65ویں قومی ہاکی چیمپئن شپ میں ڈپارٹمنٹل ٹیموں نے ریجنل حریفوں کو تختہ مشق بنالیا۔ ایونٹ میں جمعرات کو گولوں کی سنچری مکمل ہوگئی۔ تیسرے روز کھیلوں کے اختتام پر بنائے گئے 122 گولز میں فاتح ٹیموں کے گول کی تعداد 112 پہنچ گئی۔ سوئی سدرن گیس نے پی اے ایف کے خلاف7-1 سے کامیابی حاصل کی، فاتح ٹیم کے مبشر علی نے پانچ گول کے ساتھ ہیٹ ٹرک اسکور کی۔ پاکستان آرمی نے کے پی کے کو 2-7 سے مات دی، جس میں ارسلان کی ہیٹ ٹرک بھی شامل ہے، واپڈا نے پنجاب کو 5 گول سے شکست دی جبکہ پاکستان نیوی کا واپڈا اور ریلوے کا پورٹ قاسم اتھارٹی سے مقابلہ 2-2 سے برا بر رہا۔قومی سلیکشن کمیٹی کے ارکان ایاز محمود اور وسیم فیروز نے اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا ۔