• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عرفان صدیقی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

اسلام آباد کی عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے مشیر اور کالم نویس عرفان صدیقی کو مقدمے سے بری کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

عرفان صدیقی کو اسلام آباد میں مجسٹریٹ مہرین بلوچ کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں پولیس نے عرفان صدیقی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا کی۔

واضح رہے کہ پولیس نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے مشیر عرفان صدیقی کو کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر گزشتہ شب گرفتار کیا تھا۔

عرفان صدیقی کے بیٹے کا کہنا تھا کہ عرفان صدیقی کو اسلام آباد پولیس نے گھر کے باہر سے گرفتار کر کے تھانہ رمنا اسلام آباد منتقل کیا تھا۔

اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کی رہنما و ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ عرفان صدیقی کو وزیر اعظم عمران خان کے حکم پر وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے گرفتار کروایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس گرفتاری پر میں وزیر داخلہ کو نامزد کروں گی، عرفان صدیقی کا قصور یہ ہے کہ وہ دانشور ہیں، مصنف ہیں، ماہرِ تعلیم ہیں جبکہ موجودہ حکومت کا ان چیزوں سے کوئی لگاؤ نہیں ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عرفان صدیقی کے خلاف وہ مقدمہ درج کیا گیا جو ماضی میں ہونے والے بھینس چوری کے مقدمے سے بھی گیا گزرا ہے، رات کے اندھیرے میں عرفان صدیقی پر جو ایف آئی آر درج ہوئی وہ جعلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عرفان صدیقی کا قصور ہے کہ ان کا نام نواز شریف کے ساتھ جڑا ہوا ہے، وہ گھر جو عرفان صدیقی کے نام پر نہیں، اس کی ایف آئی آر کیسے کاٹی گئی؟

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عرفان صدیقی کے سیدھے ہاتھ پر ہتھکڑی لگائی گئی، اس حکومت نے استادوں کو ہتھکڑی لگانے کی روایت شروع کی ہوئی ہے، یہ ہے عمران خان کی مدینہ کی ریاست۔

انہوں نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب کیا مسلم لیگ نون کے رہنماؤں کو جیل بھیجنے سے عوام کو روٹی مل جائے گی؟

مریم اورنگزیب نے استفسار کیا کہ علیمہ باجی کو ایف بی آر کے سامنے ہتھکڑیاں لگا کر کیوں پیش نہیں کیا جاتا، جہانگیر ترین کو ہتھکڑیاں کیوں نہیں لگائی گئیں، کیوں پی ٹی وی پر حملہ کرنے والے کو ہتھکڑیاں نہیں لگائی گئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج عرفان صدیقی کو نہیں پورے ملک کے ماہرینِ تعلیم کو ہتھکڑی لگائی گئی ہے، آج آپ مہنگائی دور نہیں کر سکتے تو کیا ہتھکڑیاں لگانا شروع کر دیں گے؟

مسلم لیگ نون کی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ آپ سب کو ہتھکڑیاں لگا دیں لیکن اب کوئی پیچھے ہٹنے والا نہیں، آج آپ نے جو گری ہوئی حرکت کی ہے، قوم اور تاریخ آپ کو اس پر کبھی معاف نہیں کرے گی۔

تازہ ترین