• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبے کے ہر ڈسٹرکٹ میں امراض قلب یونٹ قائم کرینگے: وزیر صحت سندھ

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ہر گلی، محلے اور گھر گھر صحت کی سہولیات عوام تک پہنچانے پر یقین رکھتی ہے اور اسی لیے پیپلز پارٹی روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگاتی ہے تاکہ عوام کو زندگی گزارنے کی بنیادی سہولیات میسر آسکیں، چیسٹ پین یونٹ ٹنڈوباگو کے عوام کے لیے تحفہ ہے، وزیر اعلیٰ سندھ نے ہدایت کی ہے کہ اس طرح کے یونٹس ہر ضلع اور تعلقہ میں قائم کیے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی ادارہ برائے امراض قلب کے گیارہویں چیسٹ پین یونٹ کے تعلقہ اسپتال ٹنڈوباگو (بدین) میں افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر، رکن قومی اسمبلی میر غلام علی ٹالپر، رکن سندھ اسمبلی تنزیلہ قمبرانی، صوبائی وزارت آئی ٹی کے ایڈوائزر سید زین العابدین بھی موجود تھے۔

این آئی سی وی ڈی نے کراچی سے باہر گھوٹکی کے بعد یہ دوسرا چیسٹ پین یونٹ قائم کیا ہے۔

ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی دل کے لاکھوں مریضوں کا مفت علاج کر رہا ہے، ہم کراچی سے کشمور تک صحت کی مفت سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ این آئی سی وی ڈی دنیا میں دل کی بیماریوں کے علاج کا بہترین ادارہ ہے۔

صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ حکومتِ سندھ اپنے کنٹینرز عوام کو علاج فراہم کر کے ان کی زندگیاں بچانے کے لئے استعمال کر رہی ہے، جس کا ثبوت این آئی سی وی ڈی کے یہ چیسٹ پین یونٹس ہیں۔ کراچی اور گھو ٹکی میں ان کنٹینرز میں قائم شدہ اسپتالوں نے ہزاروں مریضوں کی زندگیاں بچائی ہیں۔

انہوں نے این آئی سی وی ڈی کی انتظامیہ اور پروفیسر ندیم قمر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ این آئی سی وی ڈی کے سیٹیلائٹ سینٹرز اور چیسٹ پین یونٹ نہ صرف سندھ بلکہ پورے ملک کی خدمت کر رہے ہیں، کیوں کہ یہاں سندھ کے علاوہ بلوچستان، پنجاب اور کے پی سمیت ملک بھر سے دل کے مریض آتے ہیں اور اس کی سب سے اہم وجہ یہاں دل کا بہترین علاج مفت کیا جاتا ہے، جس سے لاکھوں مریض مستفید ہوئے ہیں، بہت جلد سندھ کے دوسرے شہروں میں بھی چیسٹ پین یونٹ قائم کئے جائینگے۔

ڈاکٹر ندیم نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی کے چیسٹ پین یونٹس میں اب تک 2 لاکھ 34 ہزار 882 مریضوں کا معائنہ کرچکے ہیں، جن میں سے 6 ہزار 270 دل کے دورے کے مریضوں کو فوری علاج فراہم کر کے ان کی زندگیاں بچائی گئی، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صوبہ سندھ دوسرے صوبوں سے عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں کافی آگے ہے۔ قومی ادارہ برائے امراضِ قلب نے حکومتِ سندھ کے تعاون سے دل کے مریضوں کی سہولت کیلئے اب ٹنڈوباگو (بدین) کے تعلقہ ہسپتال میں بھی سینے کے درد کے فوری و مفت علاج کیلئے چیسٹ پین یونٹ کا آغاز کردیا ہے۔

پروفیسر ندیم قمر کا کہنا تھا کہ یہ چیسٹ پین یونٹ ٹنڈوباگو اور اس کے اطراف کے علاقوں کی عوام کے لئے ایک تحفہ ہے، جس کی بدولت دل کے دورے یا سینے کے درد کے مریضوں کو فوری علاج فراہم کر کے ان کی زندگیاں بچائی جائینگی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی اور دیگر شہروں میں مزید چیسٹ پین یونٹ قائم کئے جائینگے جو مریضوں کو ان کی دہلیز پر امراضِ قلب کا مفت علاج فراہم کرینگے۔ ان چیسٹ پین یونٹس میں فوری طبّی امداد فراہم کر کے مریضوں کو مزید علاج کے لئے این آئی سی وی ڈی منتقل کیا جاتا ہے۔

پروفیسر ندیم قمر نے وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ اور صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ سندھ نے عوام کو مفت علاج فراہم کرنے میں این آئی سی وی ڈی کی بے حد مدد کی ہے اور ہم آگے بھی حکومتِ سندھ کے ساتھ مل کر عوام کی خدمت کا یہ سلسہ جاری رکھیں گے۔

رکن قومی اسمبلی میر غلام علی ٹالپر نے کہا کہ دل کے دورے کی صورت میں وقت کم ہوتا ہے جس میں جلد سے جلد اسپتال پہنچنا ہوتا ہے، چیسٹ پین یونٹ کا قیام اسی کی کڑی ہے کہ ٹنڈوباگو کے لوگوں کو صحت کی بہتر سہولیات میسر آسکیں۔ دل کے دورے کی صورت میں کم سے کم وقت میں ابتدائی طبی امداد مل سکے۔ یہاں چوبیس گھنٹے ڈاکٹر اور عملہ موجود ہوگا اور ایمبولینس کی سہولت بھی میسر ہوگی۔

تازہ ترین