لاہور(نمائندہ جنگ،مانیٹرنگ سیل) نیب کی ہدایت پرضلعی انتظامیہ لاہور نے سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا گلبرگ تھری میں 4کنال17 مرلے کا گھر(ہجویری بنگلہ) سرکاری قبضے میں لے لیا ۔نیب عدالت کے حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن لاہور اور ایل ڈی اے کے اسٹیٹ آفیسر نے پولیس کی سربراہی میں سابق وزیرخزانہ کا گھر سیل کیا۔اے سی ماڈل ٹاؤن ذیشان نصراللہ رانجھا کے مطابق اسحاق ڈار کا گھر قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے قبضہ میں لیا گیا ہے جبکہ نیب ذرائع نے بتایا کہ شریف فیملی کے مبینہ فرنٹ مین اور منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے پر نیب نے اسحاق ڈار کو اشتہاری بھی قرار دیا ہوا ہے کیونکہ اسحاق ڈار نیب کے طلب کئے جانے پر پیش نہیں ہوئے اور لندن فرار ہو گئے جبکہ ان کی واپسی کے لیے بھی نیب نے کارروائی شروع کر رکھی ہے۔