• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیری رحمان کا اپوزیشن رہنماؤں کے اعزاز میں عشائیہ

سینیٹر شیری رحمان نے اپوزیشن جماعتوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا، اپوزیشن جماعتوں کی قیادت کی ارکان سینیٹ کو وفاداریاں تبدیل نہ کرنے کی تلقین کرتے ہوئے ہمت بندھائی کہ آپ کو ڈرایا، دھمکایا جائیگا، لیکن وفاداری تبدیل نہیں کرنی۔

شیری رحمان کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں کو دیے گیے عشائیے سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ پارلیمان کا وقار قومی اسمبلی میں نظر نہیں آتا، سینیٹ میں پارلیمان کا وقار بحال کریں گے، حاصل بزنجو کو چیئرمین سینیٹ منتخب کرائیں گے۔


انہوں نے کہاکہ معلوم ہے دباؤ ہوتا ہے لیکن آپ سب جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہیں، سینیٹ میں ہم حکومت کا مقابلہ کریں گے اور قانون سازی بھی کریں گے، قانون سازی کر کے قومی اسمبلی والوں کو احساس بھی دلوائیں گے۔

صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے سے متعلق اپوزیشن اکابرین کے فیصلے کو سراہتا ہوں، حاصل بزنجو کو چیئرمین نامزد کرکے ایک بار پھر چھوٹے صوبے کو موقع دیا جا رہا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی قیادت نے اپنے ارکان پر اعتماد کر کے چیئرمین کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سینیٹ میں اپوزیشن کی بھاری اکثریت ہے، ارکان کا جمہوری حق ہے کہ وہ کس کو چیئرمین نامزد کرنا چاہتے ہیں، تمام ارکان سے توقع ہے کہ اعتماد پر پورا اتریں گے۔

اپوزیشن نے رہبر کمیٹی کا اجلاس آج شام 4 بجے اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے۔

تازہ ترین