• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب نے خورشید شاہ اور مہتاب عباسی کیخلاف بھی انکوائری شروع کردی

اسلام آباد ( طاہر خلیل )نیب نے خورشید شاہ، سردار مہتاب سمیت مختلف شخصیات کیخلاف بھی انکوائری شروع کردی جبکہ نیب اجلاس میں 9؍ انکوائریز اور 4؍ انویسٹی گیشنز کی منظوری دی گئی جبکہ فافن اور رورل سپورٹ پروگرام کیخلاف تحقیقات بند کردی گئیں ۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب ’احتساب سب کے لئے ‘ کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس گزشتہ روز چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی سربراہی میں ہوا، اجلاس میں 9 انکوائریوں کی بھی منظوری دی گئی، جس میں پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ، مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار مہتاب کے خلاف بھی ناجائز اثاثے بنانے کے الزام میں انکوائریز شامل ہیں، سابق ایکسئن آپریشنز ٹیسکو فاٹا سرکل پشاورسید اکرام اللہ شاہ کے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی ۔ملزم پر مبینہ طورپر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے حیات آباد میں مختلف اسٹیل ملوں کو بجلی کے غیرقانونی کنکشن فراہم کرنے کاالزام ہے۔جس سے قومی خزانے کو 49.07ملین روپے کا نقصان پہنچا۔9 انکوائریوں کی منظوری دی گئی جن میں خورشید شاہ،سردار مہتاب احمد خان ،خالد شیر دل،سابق سیکرٹریز انڈسٹریز پنجاب اور دیگر ،محمد اقبال خان ،ایس ڈی ایف اوفاریسٹ سب ڈویژن مینگورہ،سوات اور دیگر،محکمہ اوقاف خیبر پختونخوا کے اہلکاران و افسران اور دیگر، محکمہ تعلیم کوئٹہ کی انتظامیہ اور دیگر، پرووینشل ہائی ویز ڈویلپمنٹ ڈویژن خیر پور کے اہلکاران و افسران، منور نذیر عباسی سابق چیف ایگزیکٹو آفیسرسکھر الیکٹرک پاور کنسٹرکشن کمپنی اور دیگر،پبلک ہیلتھ ڈویژن پنجاب اور پنجاب ہائی ویز ڈیپارٹمنٹ کیخلاف انکوائریوں کی منظوری دی گئی۔

تازہ ترین