• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان سلطانز کو سیاسی عداوت کیوجہ سے مالی اسکینڈل میں ملوث کیا جارہا ہے، احسان مانی

کراچی(عبدالماجد بھٹی،اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے دعوی کیاہے کہ ملتان سلطانز کو سیاسی عداوت کی وجہ سے پی ایس ایل کے مالی اسکینڈل میں ملوث کیا جارہا ہے۔ملتان سلطانز نے اپنی شرائط کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کو فیس ادا کردی ہے اب پی سی بی نے ملتان کو آمدنی کا شیئر دینا ہے۔یہ تاثر درست نہیں ہے کہ ملتان سلطانز ڈیفالٹر ہے۔ملتان کے سارے چیک کلیئر ہوچکےہیں۔پی ایس ایل کے معاملات شفاف ہیں ۔ملتان سلطانز کے چیک کی رقم پی سی بی کے اکاونٹ میں موجودہے اب پی سی بی نے پی ایس ایل کی آمدنی سے فرنچائز کو شیئر دینا ہے۔ملتان کی طرح بقیہ پانچ فرنچائز بھی ڈیفالٹر نہیں ہیں۔اس بارے میں منفی تاثر دیا گیاہے۔جب کہ پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن کا کہنا ہے کہ پی سی بی کیساتھ کیے گئے معاہدے پر عمل درآمد ہورہا ہے‘ملتا ن سلطانز ڈیفالٹر نہیں ہوسکتی۔ٹرانسپرنسی، وزیر اعظم عمران خان جو کہ پی سی بی کے سرپرست اعلیبھی ہیں۔ان کی اولین ترجیح ہے۔پی ٹی آئی رہنماء جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل فیس کا ایک حصہ ٹورنامنٹ شروع ہونے سے پہلے اور بقیہ ٹورنامنٹ کے بعدادا کرنے کی اجازت دی تھی۔ہم نے ملتان سلطانز کو ٹورنامنٹ شروع ہونے سے چند ہفتے قبل خریدا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ملتان سلطانز سے فرنچائز فیس لیے بغیر ہی بورڈ نے اسے فروری کے ٹورنامنٹ میں شرکت کی اجازت دی تھی۔ چار ماہ سے زائد وقت گزر چکا مگر تاحال ملتان نے کوئی ادائیگی نہیں کی۔پی سی بی نے فرنچائزز کو پانچویں ایڈیشن کی بینک گارنٹی جمع کرانے کیلیے خطوط بھیجے ہیں۔بدھ کونمائندہ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے احسان مانی نے کہا کہ علی ترین کا سیاسی پس منظر ہے اس لئے شائد انہیں بدنام کرکے کوئی ایجنڈا حاصل کیا جارہا ہے۔ہم نے پی ایس ایل سے چند ہفتے قبل ملتان سلطانز کا چارج علی ترین کے حوالے کیا تھا اس وقت تک ٹیم بھی پی سی بی نے منتخب کی تھی۔
تازہ ترین