• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’ماہرہ خان اسٹار ہیں تو فردوس جمال لیجنڈ‘


پاکستان فلم انڈسٹری کے جانے مانے اداکار شان شاہد نے کہا ہے کہ اداکارہ ماہرہ خان اسٹار ہیں تو فردوس جمال لیجنڈ ہیں۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل فردوس جمال نے ماہرہ خان سے متعلق اپنے بیان میں کہا تھا کہ ماہرہ کو اب فلموں میں ہیروئن کا نہیں بلکہ دو بچوں کی ماں کا کردار کرنا چاہیے۔ اُن کے اس بیان کے بعد جہاں اُنہیں متعدد اداکاروں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے وہیں اداکار شان بھی میدان میں آگئے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں شان نے کہا کہ اُنہیں افسوس ہے فردوس جمال نے ماہرہ خان کے بارے میں جو کہا لیکن انہیں اس بات کا بھی دکھ ہے جو لوگ ٹوئٹر پر فردوس جمال کے بارے میں کہہ رہے ہیں۔

اداکار شان نے کہا کہ فردوس جمال کے اس انٹرویو کے علاوہ انہوں نے پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کو بہت کچھ دیا ہے۔ ماہرہ خان اسٹار ہیں اور کسی کی بھی رائے اس بات کو نہیں جھٹلا سکتی جبکہ دوسری جانب فردوس جمال صاحب لیجنڈ ہیں۔ انہوں نے ہیش ٹیگ کے ساتھ مزید لکھا کہ دونوں ہمارے لیے باعث فخر ہیں۔

فلم ’وار‘ کے اداکار نے نہایت طریقے سے فردوس جمال کے بیان پر افسوس کا اظہار کیا جبکہ دوسری جانب نجی چینل کے پروڈکشن ہائوس کی ہیڈ مومنہ درید نے فردوس جمال پر اپنے چینل کے ڈرامے کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

انسٹاگرام پر مومنہ درید نے ایک طویل پوسٹ جاری کی ہے جس میں انہوں نے ماہرہ خان کی تعریف کی اور اپنے ڈراموں میں فردوس جمال پر پابندی عائد کرنے کا ذکر بھی کیا۔

تازہ ترین