اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ابھی تک آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے بارے میں کوئی بات نہیں ہوئی۔ ایک انٹرویو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا اختیار وزیر اعظم کا ہے لیکن لیکن فی الحال اس پر مشاورت نہیں ہو رہی کیونکہ ہنوز دلی دور است۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت میں آج تک پاکستان کا کوئی مسئلہ ایسا نہیں جس میں فوج کو اعتماد میں نہ لیا گیا ہو، افواج پاکستان مملکت کیساتھ وفادار ہیں حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں،چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے بارے میں بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن نے اپنی عددی برتری کو مدنظر رکھتے ہوئے صادق سنجرانی کو ٹارگٹ کیا، ن لیگ اور اپوزیشن کی دیگر جماعتوں میں بہت سے لوگ ایسے ہیں جو ذہنی طور پر پارٹی موقف کو نہیں مانتے۔