وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت آئینی ترمیم سے رائے عامہ کو تبدیل نہیں کرسکتا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت اگر سمجھتا ہے کہ آئینی ترامیم سے مسئلہ کشمیر حل ہو جائے گا تو یہ اس کی خام خیالی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواہش تھی کہ معاملے کو مل بیٹھ کر حل کریں، تاہم بھارت نے کشمیر کے معاملے کو مزید الجھا دیا ہے۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی اقدام کو مسترد اور اس کی مذمت کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری بالخصوص دورہ پاکستان پر آنے والے امریکی وفد کو اپنے موقف سے آگاہ کریں گے۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ حق خود ارادیت کےحصول کےلیے کشمیریوں کی حمایت کرتے رہیں گے۔