• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کی زیرِحراست محبوبہ مفتی کی بیٹی کا آڈیو پیغام


سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی بیٹی ثنا مفتی نے دوست کو آڈیو پیغام کے ذریعے وادی کے کشیدہ حالات سے آگاہ کیا۔

مقبوضہ کشمیر میں زیرِ حراست سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی بیٹی ثنا مفتی نے اپنی ایک دوست کو آڈیو پیغام کے ذریعے بتایا ہے کہ وادی کے حالات کشیدہ ہیں اور خوف کا ماحول ہے، ان سےجانوروں کے ریوڑ جیسا برتاؤ کیا جارہا ہے۔

ثنا مفتی اپنے آڈیو پیغام میں کہا کہ آرٹیکل 370 ختم کرنے پر کشمیریوں میں اشتعال پایا جاتا ہے، کشمیریوں کو اپنے جذبات کے اظہار کی اجازت نہیں، والدہ کو حراست میں لینے کی کیا ضرورت تھی، وہ توپہلے ہی سخت نظر بندی میں تھیں،کسی سے ملنے کی اجازت نہیں تھی۔

ثناء مفتی نے مزید کہا کہ پوری وادی سمیت ہمارے فون بھی بند ہیں، بھارتی قیادت کا مقصد کشمیریوںکے حوصلے توڑنا ہے۔

ثناء مفتی نے مودی سرکار پر تنقید کرتے ہوئےکہا کہ اگر آرٹیکل 370 کو معطل کرنے میں کشمیریوں کی بھلائی ہے تو بولنےکا حق کیوں نہیں ، آپ کو اکھنڈ بھارت پر بڑا غرور ہے، کیا یہ ہے وہ اکھنڈ بھارت ، کیا آپ حقوق چھیننے کا جشن منارہےہیں ؟

انہوں نے مودی سرکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سوال کیا کہ بھارت کب تک کشمیریوں کو گھروں میں بند رکھے گا، کب تک کشمیریوں کی آواز دبائے گا۔

واضح رہے کہ مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کے دو سابق وزراء اعلیٰ محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ کو پہلےگھر میں نظر بند کر دیا تھا بعد ازاں انہیں حراست میں لے لیا۔

دونوں رہنماؤں نے اتوار کوعمر عبداللہ کے گھر پر ایک اجلاس میں شرکت کی تھی جس میں مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر بات چیت کی گئی تھی۔

تازہ ترین