• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشرف آئندہ انتخابات میں ایم کیو ایم سے الگ ہونے والے گروپ کے سربراہ کے طور پر سامنے آسکتے ہیں

کراچی(ٹی وی رپورٹ) سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کی سربراہی میں سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ دیا تھا، جنرل پرویز مشرف کی صحت بہت اچھی ہے، کوئی سیاسی جماعت اب پرویز مشرف کوقبول نہیں کرے گی، جنرل پرویز مشرف آئندہ انتخابات میں ایم کیو ایم سے الگ ہونے والے گروپ کے سربراہ کے طور پر سامنے آسکتے ہیں۔ الطاف حسین نے لوگوں کو دکھانے کیلئے ویڈیو تو بنوالی ہے مگر ان کی صحت اچھی نہیں ہے۔پاکستان میں سویلین بالادستی کی بات صرف کاغذی ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”آپس کی بات“ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کررہے تھے۔پرویز مشرف کی بیرون ملک روانگی پر تجزیہ کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ نواز شریف بھی پرویز مشرف کے خلاف کچھ کرنا چاہتے تھے لیکن انہیں کسی سہارے کی ضرورت تھی، نواز شریف بھی مشرف سے ایک طرح کا این آر او کر کے سعودی عرب گئے تھے۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ پرویز مشرف کی علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی باتیں بیکار ہیں، پہلے بھی پرویز مشرف عدالت جانے کے بجائے فوجی اسپتال چلے گئے تھے پرویز مشرف کیخلاف پانچ چھ کیسز ہیں لیکن وہ صرف ایک دفعہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے وہ بھی مک مکا کا نتیجہ تھا۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن میں بھی پرویز مشرف کے حوالے سے دو آوازیں تھیں، چوہدری نثارا ور شہباز شریف کہتے تھے پرویز مشرف کو چھوڑ کر حکومت چلائی جائے۔پرویز مشرف کی پاکستان واپسی پر تجزیہ کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ پرویز مشرف کی وطن واپسی سے متعلق دو صورتیں ہیں، ہوسکتا ہے۔ پرویز مشرف کبھی وطن واپس نہ آئیں کیونکہ ان کیخلاف کیسز چلتے رہیں گے جس کی وجہ سے ان کیلئے مسائل کھڑے رہیں گے، یہ بھی ممکن ہے پرویز مشرف سوچیں کہ اب میرا نام ای سی ایل میں نہیں ہے اس لئے میں جب چاہوں پاکستان آسکتا ہوں اور واپس جاسکتا ہوں تو بہتر ہے کہ میں دو تین ہفتوں بعد واپس چلا جاؤں۔نجم سیٹھی نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف کی صحت بہت اچھی ہے، جنرل پرویز مشرف کا کوئی سیاسی مستقبل نظر نہیں آتا، کوئی سیاسی جماعت اب پرویز مشرف کوقبول نہیں کرے گی، جنرل پرویز مشرف آئندہ انتخابات میں ایم کیو ایم سے الگ ہونے والے گروپ کے سربراہ کے طور پر سامنے آسکتے ہیں۔نجم سیٹھی نے کہا کہ میں نے جب کبھی یہ کہا کہ پرویز مشرف باہر چلے جائیں گے اس وقت میری سوچ یہی ہوتی تھی کہ پاکستان میں حقیقی قوت فوج ہے ۔ پاکستان میں سویلین بالادستی کی بات صرف کاغذی ہے، پاکستان میں آئین صرف سویلینز کیلئے ہے، حکومت ہو، پارلیمنٹ ہو یا کوئی اور ادارہ دباؤ آنے پر لیٹ جاتا ہے، حکومت نے سپریم کورٹ میں پرویز مشرف کیخلاف اپیل کا اچھی طرح دفاع نہیں کیا۔
تازہ ترین