وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد نے پیش گوئی کی ہے کہ مذاکرات کے راستے ختم ہو گئے، اعلانِ جنگ ہو گیا ہے، بھارت کنٹرول لائن پر حملہ کر سکتا ہے، 3 سے 6 مہینے میں کشمیر کا فیصلہ ہو جائے گا۔
قومی اسمبلی میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اسرائیل جیسی صورتِ حال پیدا کر دی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ کشمیر سے نکلنے والی تحریک اب سری نگر تک محدود نہیں رہے گی بلکہ یہ یو پی، سی پی تک جائے گی، میں 3 سے 6 مہینے میں پاکستانی سرحد پر جنگ ہوتے دیکھ رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں چین کی دور اندیشی کو سلام پیش کرنا چاہتا ہوں، آرمی چیف چین جائیں گے، آج کشمیر کی گلی گلی میں برہان وانی کی آواز ہے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ آج مودی نے تمام راستے بند کر دیے ہیں، شملہ معاہدہ ختم ہو گیا، کنٹرول لائن ختم ہو گئی، آج آزادی کی نئی جدوجہد کا آغاز ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ شام تک عرب دینا سے بھی ایک واضح پیغام آ جائے گا، اگر پاکستان پر حملہ ہوا تو ہندوستان میں نہ گھاس اگے گی، نہ چڑیا چہکے گی، ہندوستان کو صفحۂ ہستی سے مٹا دیں گے۔
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ یو پی اور سی پی کے مسلمانوں سے کہتا ہوں کہ کیڑوں مکوڑوں کی طرح زندہ رہنے کے بجائے شہادت کے جذبے سے نکلے۔