• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پارلیمنٹ کامشترکہ اجلاس،کشمیرپر مذمتی قراردادمتفقہ منظور

اسلام آباد(اے پی پی)پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس نے مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کرنے کیخلاف قراردادمذمت متفقہ طورپرمنظورکرلی ‘ قرارداد میں عالمی برادری پرزوردیاگیاہے کہ وہ بھارت کو غیر ذمہ دارانہ اور یک طرفہ کارروائی سے روکے ‘ پارلیمنٹ نے بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اور کشمیریوں کی مرضی کے تحت مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے‘کسی بھی قسم کی جارحیت اور مہم جوئی کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری پاکستانی قوم اور مسلح افواج چوکس ہیں‘ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی سیاسی‘ سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ بدھ کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر پارلیمانی خصوصی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام نے قرارداد ایوان میں پیش کی۔قرارداد میں بھارتی فوج کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر سیزفائر کی خلاف ورزی اور بے گناہ شہریوں اور معصوم بچوں کے خلاف کلسٹر بموں کے استعمال کی مذمت کی گئی ہے۔اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ایک کمیشن قائم کرے جو بھارتی مسلح افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کالے قوانین کے استعمال کی تحقیقات کرے۔ قرارداد میں عالمی برادر پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بھارت کو کوئی بھی غیر ذمہ دارانہ اور یکطرفہ کارروائی سے روکے جس سے صورتحال مزید خطرناک کشیدگی کی طرف لے جائے اور اس کے نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پوری دنیا پر دور رس اثرات مرتب ہوں۔ا سپیکر نے قرارداد ایوان میں پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔

تازہ ترین