• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہاکی میں جدت لانا چاہتے ہیں، فنڈز کی کمی آڑے آرہی ہے، صدر پی ایچ ایف

اسلام آباد (نیوز ایجنسیز)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئر (ر) خالد سجار کھوکھر نے کہاہے کہ قومی کھیل ہاکی کی ترقی میں فنڈز کی کمی آڑے آرہی ہے، محدود وسائل کے باعث بلاوجہ فنڈز ضائع نہیں کئے جائینگے ۔ پاکستان ہاکی لیگ کے رواں سال انعقاد کیلئے پر امید ہیں ، ہاکی کی بحالی کیلئے جامع پلان ترتیب دیدیا جس کے تحت قومی کھیل میں جدت لائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ا سپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ پہلے انویٹیشنل ٹی 20انڈور ہاکی ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔بریگیڈئر (ر) خالد سجار کھوکھر نے کہاکہ فیڈریشن ہاکی کی بحالی اور ترقی کیلئے مختلف اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری رکھے ہوئے ہیں ۔گراس روٹ پر ہاکی کے فروغ کیلئے ہم ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں ، ہاکی میں بھی جدت لانا چاہتے ہیں۔ قومی کھیل کو فروغ دینے کیلئے نرسریوں کو ٹھیک کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ ہاکی کی بحالی کیلئے ایک جامع پلان ترتیب دیدیا ہے تاہم اس میں کچھ وقت لگے گا ۔صدر پی ایچ ایف نے اسلام آباد میں انڈور ہاکی ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہاکی فیڈریشن انڈور ہاکی کو دلچسپ بنانے کے لئے نائن اے سائیڈ او ر فائیو سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹس منعقد کروائیگی۔اتنی بڑی تعداد میں خواتین کھلاڑیوں کی انڈور ہاکی میں دلچسپی ہاکی کیلئے مثبت ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پاکستان ہاکی لیگ کے انعقاد کیلئے مشاورت کا عمل جاری ہے اور ہماری کوشش ہو گی کہ اسی سال ہاکی لیگ کو فائنل کر لیا جائے۔اس سے قبل استاد اسلم روڈا وویمن ہاکی کلب گوجرہ نے پہلے انویٹیشنل ٹی 20 انڈور ہاکی ٹورنامنٹ اپنے نام کیا۔ استاد اسلم روڈا وویمن ہاکی کلب گوجرہ نے دیوا کلب لاہور کو 1-2 گول سے شکست دی۔ فاتح ٹیم کی جانب سےساحل ملک نےدو جبکہ دیوا کلب لاہور کی افشین بی بی نے گول کیا۔ آخر میں مہمان خصوصی خالد سجاد کھوکھر نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔
تازہ ترین