پنجاب کے شہر سرگودھا کے نواحی علاقے میں ایک تیز رفتار کار بے قابو ہو کر نہر میں گر گئی۔
حادثے کے نتیجے میں ایک شخص اور اس کے 2 نو عمر بیٹے جاں بحق ہو گئے،جبکہ 2 خواتین سمیت 3 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق سرگودھا کے نواحی علاقے شمالی سلانوالی کے قریب کار تیز رفتاری کے باعث نہر میں جا گری جس کے باعث گھر کا سربراہ محمد فاروق، ان کا 10 سالہ بیٹا اللّٰہ داد اور 5 سالہ بیٹا بلال ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔
جاں بحق افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ موقع پر موجود لوگوں نے 2 خواتین سمیت 3 افراد کو نہر سے نکال کر بچا لیا۔
پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، حادثے کا شکار خاندان قریبی عزیز کے انتقال پر تعزیت کے لیے جا رہا تھا۔