• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم کی پیشی پر تصادم، 8 نامزد، 150 نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ

قومی احتساب بیورو (نیب) کے ہاتھوں گرفتار ہونے والی سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کی گزشتہ روز عدالت میں پیشی کے موقع پر نون لیگی کارکنوں اور پولیس کے درمیان ہونے والے تصادم کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔


یہ مقدمہ لاہور کے تھانے اسلام پورہ نے 8 نامزد اور ڈیڑھ سو نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا ہے۔

پولیس کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر میں شامل 8 افراد میں نون لیگی رہنما عظمیٰ بخاری، توصیف شاہ اور مہر محمود احمد کے نام بھی موجود ہیں۔

ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں پر تشدد کیا اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا، ملزمان کے پتھراؤ سے کانسٹیبل کو سر پر پتھر لگنے سے گہری چوٹ آئی۔

متن میں مزید کہا گیا ہے کہ مقدمے میں توڑ پھوڑ اور کارِ سرکار میں مداخلت سمیت نقصِ امن کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

نون لیگی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمے کا اندراج سب انسپکٹر دلشاد کی مدعیت میں کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز احتساب عدالت میں مریم نواز، حمزہ شہباز اور رانا ثناء اللّٰہ کو پیش کیا گیا تھا، اس موقع پر نون لیگی کارکنوں نے عدالت جانے سے روکنے پر پولیس سے مزاحمت کی تھی۔

تازہ ترین