لاہور،اسلام آباد ،سیالکوٹ(نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کرپٹ لیڈرنام آئے بغیرتیسرے فریق کے ذریعے رقم دینا چاہتے ہیں، چوہدری شوگر ملز کیس سارے شریف خاندان کو شوگر کا مریض بنا دے گا۔ جبکہ معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ جواب مانگنے پر اپوزیشن کہتی ہے دیوار سے لگایا جارہا ہے، لیڈر چور ہو تو ہر گھر سے ڈاکونکلے گا۔ ریلوے ہیڈ کواٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ فردوس عاشق اعوان کو میرے اور فواد چوہدری کی لڑائی کا ذکر نہیں کرنا چاہیے تھا،ہمارے درمیان جو تلخی ہوئی اس کو میٹنگ کے بعد حل کرلیا تھا، سو چ سمجھ کر سمجھوتہ اور تھر ایکسپریس کو بند کیا ہے جب تک میں وزیر ریلوے ہوں سمجھوتہ ایکسپریس اور تھر ایکسپریس نہیں چلے گی،سمجھوتہ ایکسپریس کے چلانے پر نظرثانی کی بھارتی درخواست مسترد کرتا ہوں۔ شیخ رشید نے کہا کہ مودی ہٹلر کی کاپی ہے، نازی ازم کی شکل ہے،عیدالاضحی پر 12 تاریخ کو ٹکٹ خریدنے والے کو 50فیصد رعایت دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ چوہدری شوگر مل بڑا سنجیدہ کیس ہے سارے شریف خاندان کو شوگر لگا دیگا۔ دریں اثناء وزیر اعظم کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جب لیڈر ہی چور ہو اور کرپٹ ہو تو پھر گھر گھر سے ڈاکو نکلے گا۔