• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک فضائیہ کے ریٹائرڈ اہلکار نے ناروے کی مسجد میں دہشتگرد حملہ ناکام بنایا

اوسلو(جنگ نیوز)ناروے کی ایک مسجد میں سفید فام دہشت گرد کو فائرنگ کرنے سے قبل دبوچ کر درجنوں نمازیوں کی جان بچانے والے 65سالہ بزرگ محمد رفیق پاکستان ایئر فورس کے ریٹائرڈ اہلکار ہیں۔ناروے پولیس نے اس حملے کو دہشتگردی کی واردات قرار دیا ہے،غیر ملکی میڈیاکے مطابق عید الاضحیٰ سے ایک روز قبل اوسلو کی ایک مسجد میں شدت پسند مسلح سفید فام حملہ آور نے گھس کر فائرنگ کرنے کی کوشش کی تھی جسے مسجد میں موجود ایک پاکستانی بزرگ نمازی نے پکڑ لیا اور پولیس کے آنے تک قابو میں رکھا۔ مسجد میں عید کی نماز کیلئے تیاریاں کی جا رہی تھیں۔تفتیشی حکام نے انکشاف کیا ہے کہ سفید فام مسلح نوجوان کے خونی عزائم کو ناکام بنانے والے پاکستانی بزرگ محمد رفیق پاک فضائیہ کے ریٹائرڈ ملازم ہیں۔ محمد رفیق نے بہادری اور جواں مردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناروے کو ایک بڑے سانحہ سے بچا لیا جس پر ان کے شکر گزار ہیں۔تفتیشی حکام نے حملہ آور 20 سالہ نوجوان کے گھر کی تلاشی لی تو وہاں سے اس کی سوتیلی بہن کی لاش بھی ملی ہے جس پر پولیس نے ملزم کیخلاف بہن کے قتل اور مسجد پر حملے کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے تاہم ملزم نے پولیس کے ساتھ تعاون کرنے سے انکار کردیا ہے۔
تازہ ترین