• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے جیپ ریلی نکالی گئی

پشاور (لیڈی رپورٹر) کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ضلعی انتظامیہ اور فرنٹیئر فور بائی فور کلب نے جیپ ریلی نکالی جو ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کی قیادت میں حیات آباد فلائی اوور سے شروع ہوئی۔ ریلی میں 60 آف روڈ اور فور بائے فور سپورٹس جیپوں کو کشمیر اور پاکستان کے جھنڈوں سے مزین کیا گیا تھا۔ فرنٹیئر فور بائی فور کلب کے بانی بابر خان یوسفزئی نے بھی خصوصی طور پر ریلی میں شرکت کی۔ ریلی شہر کی مرکزی شاہراہوں سے گزری جہاں شہریوں نے جگہ جگہ جوش و خروش سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ کشمیر جیپ ریلی حیات آباد سپورٹس کمپلیکس سے روانہ ہوئی‘ پیر زکوڑی پل جی ٹی روڈ سے صدر‘ بعدازاں یونیورسٹی روڈ سے ہوتی ہوئی فیز تھری آزادی فلائی اوؤر پہنچی جس کے بعد ریلی کا اختتام حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں ہوا۔ جہاں ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر نے پہلی‘ دوسری اور تیسری پوزیشن لینے والوں میں تیس‘ بیس اور دس ہزار کے انعامات تقسیم کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد علی اصغر نے کہا کہ جیپ ریلی سے ایک مثبت پیغام ساری دنیا کو جائے گا۔ کشمیر ہمارا تھا ہمارا ہے اور تاقیامت ہمارا رہے گا۔ ریلی کا مقصد نوجوان نسل اور بچوں میں آزادی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔
تازہ ترین