• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چمکنی‘ تاجر سے 20لاکھ چھیننے والے رہزن گروہ کا سرغنہ گرفتار

پشاور (کرائم رپورٹر) تھانہ چمکنی پولیس اور سٹی پٹرولنگ پولیس نے عید کی شب تاجر سے 20لاکھ روپے چھین کر مزاحمت پر فائرنگ کرکے اسے زخمی کرنے والے رہزن گروہ کے سرغنہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا جبکہ مسروقہ رقم اور واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ایس پی رورل ڈویژن شوکت خان نے ڈی ایس پی چمکنی حیدر خان اور ایس ایچ او تھانہ چمکنی تیمور سلیم کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ مقامی تاجر خانزادہ ولد محمود خان سکنہ زرگر آباد عید کی شب فروٹ منڈی سے واپس گھر جا رہا تھا کہ رنگ روڈ پیر زکوڑی پل کے قریب رہزنوں نے روکا اور اس سے 20لاکھ روپے چھین لئے۔ اس دوران اس نے مزاحمت کی تو رہزنوں نے فائرنگ کرکے اسے زخمی کردیا۔ فائرنگ کی آواز سنتے ہی قریب ہی ڈیوٹی پر موجود سٹی پٹرولنگ فورس اور تھانہ چمکنی پولیس کے جوانوں نے مسلح ملزمان کا تعاقب شروع کیا جبکہ پولیس کنٹرول روم کے ذریعے ضلع بھر کی پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔ اطلاع ملتے ہی ایس پی رورل شوکت خان نے چمکنی سرکل پولیس کو بھی ہائی الرٹ کرتے ہوئے ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی جس کے دوران ایس ایچ او چمکنی تیمور سلیم خان‘ سٹی پٹرولنگ فورس اور تھانہ چمکنی پولیس کے جوانوں نے ملزمان کی فرار کی کوشش ناکام بناتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔ جس کی شناخت منہاس ولد طلاء محمد سکنہ گلبہار نمبر 4 ہوئی۔ گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش کی دوران پشاور سے تعلق رکھنے والے کاروباری شخص سے اسلحہ کی نوک پر لاکھوں روپے لوٹنے سمیت متعدد دیگر وارداتوں میں بھی ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ ملزم کے قبضہ سے 20 لاکھ روپے اور واردات میں استعمال ہونے والی 125 موٹر سائیکل اور پستول بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ ملزم نے دوران تفتیش اپنے دیگر ساتھیوں کے نام بھی اگل دیئے ہیں جن کی گرفتاری کے لئے ڈی ایس پی چمکنی حیدر خان کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ سی سی پی او کریم خان نے کارروائی میں حصہ لینے والے تھانہ چمکنی پولیس اور سٹی پٹرولنگ کے اہلکاروں کو نقد انعامات اور توصیفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔
تازہ ترین