• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برسات کے نئے آنے والے سلسلے کے لیے مکمل طور پر تیار ر ہنے کی ہدایات

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے تمام متعلقہ اداروں خاص کر ڈسٹرکٹ حیدرآباد کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دی ہے کہ وہ برسات کے نئے آنے والے سلسلے کے لیے مکمل طور پر تیار رہتے ہوئے ضروری مشینری کی دستیابی‘ چوک اور بند نالوں کی بحالی اور پچھلے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے دیگر ضروری کاموں کو فوری طور پر مکمل کرلیں۔ یہ بات انہوں نے عید کے دوسرے دن ڈسٹرکٹ حیدرآباد سے بارش کے پانی کی نکاسی‘ ممکنہ برسات کے نئے سلسلے کی تیاری کے انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق افسران کے ساتھ کیمپ آفیس میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر ون سید سجاد حیدر شاہ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈولپمنٹ معتصم عباسی‘ ایم ڈی واساسلیم الدین‘ ڈائریکٹر جنرل ایچ ڈی اے غلام محمد قائم خانی‘ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون محمد یوسف شیخ‘ ڈسٹرکٹ حیدرآباد کے تمام اسسٹنٹ کمشنرزودیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ڈویژنل کمشنر کا کہنا تھا کہ بارش کا پانی جتنے زیادہ دن جمع رہے گا تعفن اور بیماریوں کا باعث بنے گا جس سے عوامی مسائل میں اضافہ ہوگا لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ وہ تمام علاقے جہاں اب تک برساتی پانی ہے جلد سے جلد اس کی نکاسی کی جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کب تک آپ ہمیں صرف ایک ہی مقصد میں الجھا کر رکھیں گے‘ بارش ختم ہوئے دو دن گزر چکے ہیں اب تک قاسم آباد کے مختلف علاقوں میں بارش کا پانی موجود ہے جس پر متعلقہ حکام نے کہا کہ کل شام تک قاسم آباد کے علاقے گلشن مہران‘لب مہران ‘انور ولاز اور دیگر مقامات سے پانی کی نکاسی مکمل کرلی جائے گی جبکہ قاسم آباد کے دیگر تمام علاقے کلیئر کردیئے گئے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ تعلقہ سطح پر بھی اس ضمن میں میٹنگ کریں اور آپس کے باہمی تعاون کو بڑھائیں جبکہ ایک مکمل پلان تشکیل دیں جو ناصرف ابھی بلکہ مستقبل میں بھی اس طرح کے حالات سے نمٹنے کے لیے کارآمد ثابت ہو۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو سخت ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جہاں کہیں بھی پینے کے پانی کی لائنیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اسے فوری طور پر ٹھیک کیا جائے کیونکہ ان لائنوں سے گندا اور آلودہ پانی پینے کے پانی میں شامل ہوجاتا ہے جو مختلف بیماریوں کا باعث بنتا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ اپنے فرائض کی انجام دہی احسن طریقہ سے کرتے ہوئے اپنے ماتحت عملے کو بھی اس بات کا احساس دلائیں کہ ان کی غفلت سے عوام کے لیے کتنے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔

تازہ ترین