لاہور (نمائندہ جنگ) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے لاہور ہائیکورٹ میں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایک صوبے کی عدلیہ کا سربراہ ہونے کے ناطے تمام فاضل جج صاحبان کے ساتھ ملکرعہد کرنا چاہتا ہوں کہ جلدازجلد انصاف کی فراہمی کی یقینی بنائینگے،دن رات محنت کرکے قانونی طریقے سے مقدمات نمٹائینگے اور جلد اور سہل انصاف کی فراہمی کا خواب شرمندہ تعبیر کرینگے، یہ ہماری جانب سے اس ملک اوراپنی عوام کو آزادی کی 72ویں سالگرہ کا تحفہ ہوگا۔ لاہورہائیکورٹ میں مملکت خداداد پاکستان کے 72ویں یوم آزادی کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سردار محمد شمیم خان،سینئر ترین جج جسٹس مامون رشید شیخ اور دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ قبل ازیں فاضل چیف جسٹس نے پولیس کے چاک وچوبند دستے کی جانب سے دیئے گئے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ بات ہم سب جانتے ہیں کہ آزادی ایک نعمت ہے اور ہم اس نعمت کیلئے اپنے رب ذوالجلال کے سامنے سربسجود ہیں اور اس آزاد ریاست کیلئے جدوجہد کرنے پر ہم بابائے قوم قائداعظم محمدعلی جناح، شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال، انکے ہم عصروں اور اس ساری جدوجہد میں قربانیاں دینے والے اپنے بزرگوں کو سلام پیش کر تے ہیں،آج اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے یہاں پر موجود بچوں اور نوجوانوں کو بتانا چاہوں گا کہ اس مملکت خداداد کے حصول کیلئے ہمارے آباواجداد نے بہت زیادہ قربانیاں دی ہیں،ہم نے اس ملک کو ایک خاص نظریہ کے تحت حاصل کیا تھا، اسلئے ہم سب کا اخلاقی فرض ہے کہ ہم اس نظریہ پر سختی سے کاربند رہیں اور ہمیں یہ بھی سوچنا چاہیے کہ قیام پاکستان سے لیکر اب تک ہم نے اسکی فلاح وبہبود کیلیے کیا کیا ہے اور کیا نہیں۔ فاضل چیف جسٹس نے ملکی وقار کی سربلندی، سلامتی اور کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعا بھی فرمائیں۔