• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرداری،فریال تالپور سےبچوں کو ملنے نہ دینا فاشزم ہے،پیپلز پارٹی

لاہور(نمائندہ جنگ، ایجنسیاں ) پیپلزپارٹی نے سابق صدر آصف زرداری اور انکی بہن فریال تالپور سے جیل میں بچوں کی ملاقات نہ کروانے پر شدید ہدف تنقید بنایا ہے۔پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ آصفہ بھٹو کو عدالتی حکم کے باوجود والد سے نہ ملنے دینا شرمناک حرکت ہے، زرداری، فریال تالپور سےبچوں کو ملنے نہ دینا فاشزم ہے ایک بیٹی کو عید پر اپنے والد سے نہ ملنے دینا فاشزم کی بدترین مثال ہے. قمرزمان کائرہ حکومت کے ایسے بزدلانہ ہتھکنڈے غیر قانونی، غیر اخلاقی اور غیر انسانی ہیں. حکومت نے اپنی فاشسٹ پالیسیوں سے سیاسی رواداری کا ماحول تباہ کر دیا ہے. ایسے فاشسٹ حربوں سے پیپلز پارٹی کبھی پہلے ڈری نہ اب ڈر ے گی. قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ فریال تالپور اور آصف زرداری سے حراست میں دشمنوں جیسا سلوک انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے. ایسے ظالمانہ ہتھکنڈوں کا مقابلہ کرنا پیپلز پارٹی خوب جانتی ہے..آصف علی زرداری نے پہلے بھی دلیری سے جیل کاٹی اور عدالت سےسرخرو ہوئے. حکومت ملک میں نا اتفاقی کا بیج اس وقت بو رہی ہے جب ملک کو شدید خطرات لاحق ہیں. عدالت کو بھی دیکھنا ہوگا ایسے غیر قانونی ہتھکنڈے کیا عدالتی احکامات کے ساتھ مذاق نہیں.۔ چودھری منظور احمد نے بھی آصف زرداری اور فریال تالپور سےعدالتی حکم کے باوجود بچوں کو ملنے نہ دینا کو فاشزم قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ لگتا ہے اڈیالہ جیل اور نیب حکام ایک ہی جگہ سے ہدایات لے رہے ہیں، ایسے آمرانہ ہتھکنڈوں سے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے ارادوں کو نہیں توڑا جا سکتا۔ آصفہ بھٹو نے کہا کہ وہ عدالتی احکامات پر نیب کے زیر حراست اپنے والد سے ملاقات کرنے پہنچیں لیکن نیب نے آخری منٹ میں ملاقات کرانے سے انکار کردیا، نیب کا عمل قانون اور انسانی حقوق کی اور خلاف ورزی ہے۔ پیپلز پارٹی کے سکریٹری جنرل فرحت اللہ بابر نے کہا کہ عدالت نے صدر زرداری کی ہمشیرہ عذرا فضل اور تینوں بچوں کی عید کےتینوں دنوں کے موقع پرطویل ملاقات کا حکم دیا تھا تاہم نیب کے اہلکاروں نے توہینِ عدالت کرتے ہوئے انھیں ملنے کی اجازت نہیں دی۔ پی پی پی ہر فورم پارلیمنٹ سے لیکر میڈیا اور رائے عامہ سے لے کر عدالت پر نیب کے اس ظلم کی مذمت کرے گی۔پیپلز پارٹی پنجاب کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ عمران نیازی حکومت اپوزیشن سے جو رویہ اختیار کئے ہوئے ہے دنیاکی کوئی حکومت نہیں کرتی، آصف زرداری اور فریال تالپور کیساتھ حکومت کے سلوک کو دنیا دیکھ رہی ہے اور ہر طرف سے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، فریال تالپور کو رات گئے جیل منتقل کرنا اور آصف زرداری کو نماز عید کی اجازت نہ دینا حکومت کا جانبدارانہ رویہ ہے۔ وزیربلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم سیاسی مخالفین کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ فریال تالپور کو اڈیالہ جیل بھیجنے والے یاد رکھیں علیمہ خان پر بھی الزامات ہیں اورانہیں مچھ جیل بھجوایا جاسکتا ہے۔
تازہ ترین