• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یواے ای کا پاکستان میں بارش اور سیلاب زدگان کیلئے امداد کا اعلان

اسلام آباد (حنیف خالد) سفیر متحدہ عرب امارات متعینہ اسلام آباد حمد عبید الزاعابی نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں خیرسگالی کے رشتے‘ گہرےکرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ بالخصوص اقتصادی تعلقات کو مضبوط اور مستحکم بنانے کیلئے انہوں نے پاکستان کی سیاسی لیڈرشپ‘ سینئر بزنس مینوں سے اہم ملاقاتیں کی ہیں۔ جس کیلئے انہوں نے پاکستان کے بڑے بڑے ایوان ہائے تجارت و صنعت کا دورہ کیا ہے جس کے دوران انہوں نے دونوں ملکوں کی باہمی تجارت اور معاشی تعاون کو مضبوط تر بنانے کیلئے راہیں ڈھونڈی ہیں۔ انہوں نے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسلامی برادر ملکوں کے درمیان عشروں سے موجود ثقافتی‘ معاشرتی‘ اقتصادی‘ سیاسی میدانوں میں باہمی تعلقات کو وسعت دینے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرینگے۔ اس کیلئے انہوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے دورہ یو اے ای کو کامیاب بنانے کیلئے تمام ممکنہ کوششیں کیں۔ شیخ محمد بن زائد النہیان صدر یواے ای اور کرائون پرنس ابوظبی و ڈپٹی سپریم کمانڈر آف یواے ای آرمڈ فورسز کے ساتھ ملاقاتوں میں دونوں ممالک کی دفاعی افواج کے درمیان رشتے گہرے کئے۔ اسی کے نتیجے میں متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے اقتصادی بحران سے نمٹنے کیلئے تین ارب ڈالرز پاکستان کیلئے اسٹیٹ بینک میں جمع کروائے جو پاکستان کی مانیٹرنگ پالیسی کی سپورٹ کیلئے ہیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے یواے ای کے اعلیٰ سطحی تجارتی وفد کے دورہ پاکستان کا اہتمام کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی امداد کے یواے ای پراجیکٹ (UAEPAB)کے سکوپ کو بلوچستان کے صوبے کا بڑھایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یو اے ای اور پاکستان میں صحت‘ تعلیم‘ آب رسانی اور بلوچستان میں بنیادی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کیلئے 20کروڑ ڈالر کا معاہدہ کیا ہے۔ یواے ای کا سفارتخانہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں انسانی ہمدردی کے پراجیکٹ مزید شروع کریگا ان میں سندھ‘ بلوچستان‘ قبائلی علاقہ جات اور گلگت بلتستان شامل ہیں۔ اماراتی سفارتخانہ دونوں ملکوں کی یونیورسٹیوں اور لائبریریوں کے درمیان انٹرایکشن بڑھانے کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ اماراتی سفیر حمد عبید الزاعابی نے کہا کہ یواے ای کے بانی صدر شیخ زائد بن سلطان النہیان نے پہلے دن سے ہی پاکستان کے ساتھ باہمی رشتے بڑھانے کے احکامات جاری کئے۔ ہزایکسی لینسی شیخ خلیفہ بن زائد النہیان کی سرپرستی میں پاک یواے ای روابط کو مضبوط تر کیا گیا ہے۔
تازہ ترین