• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی تشویشناک، عالمی طاقتیں بھارت کوکشمیریوں کی خونریزی سے روکیں، نفیس زکریا

لندن (سعید نیازی) برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر نفیس زکریا نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال بھارت کے حالیہ اقدامات کے بعد انتہائی تشویشناک ہے، عالمی طاقتیں اور ادارے اس کا نوٹس لیں اور بھارت کو کشمیریوں کی خونریزی سے روکیں۔ وہ پاکستان ہائی کمیشن میں منعقدہ یوم آزادی پاکستان کی تقریب کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ تقریب میںخراب موسم اور شدید بارش کے باوجود پاکستانیوں کی بڑی تعداد شامل تھی، تقریب میں خواتین اور بچے بھی بڑی تعداد میں موجود تھے، شرکاء پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے بھی لگاتے رہے۔ ہائی کمشنر نفیس زکریا نے شرکاء کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حکومت پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔ رواں برس یوم آزادی کی تقریبات میںکشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میںکرفیو نافذ کر رکھا ہے، جہاں قحط کی صورت حال پیدا ہوچکی ہے، بھارت کا کشمیریوں پر مظالم کے حوالے سے ٹریک ریکارڈ بہت خراب ہے، وہاں اجتماعی قبریں دریافت ہوچکی ہیں اور اس وقت بھی کشمیر میں مسلمان جانے کس حال میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میںجغرافیائی تبدیلی لانا چاہتا ہے، تاکہ وہاںپر مسلمانوں کی تعداد کو کم کیا جاسکے۔ اس صورت حال کا عالمی طاقتوں کو نوٹس لینا ہوگا۔ نفیس زکریا نے کہا کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، ہماری مسلح افواج کی قربانیوں کے سبب ملک میں امن قائم ہوچکا ہے، جس سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اعتماد بحال ہوا ہے، سی پیک سے صرف پاکستان کی نہیںبلکہ پورے خطے کی حالت بدلے گی اور سی پیک میںبرطانیہ سمیت دیگر ممالک بھی دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کو خدا نے متعدد نعمتوں سے نوازا ہے۔ پاکستان میں معدنیات موجود ہیں اور سیاحت کے حوالے سے خوبصورت ترین مقامات موجود ہیں، جن سے فائدہ اٹھایا جارہا ہے۔ اس موقع پر صدر اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔ تقریب کی نظامت فرسٹ سیکرٹری رابعہ قصوری نے کی۔ ہائی کمشنر نے بچوںکے ساتھ ملکر کیک بھی کاٹا۔ سارہ پیٹر، سلمان امانت علی اور سہیل سلامت نے قومی نغمے پیش کر کے سماں باندھ دیا۔ مہمانوں کی تواضح ایشیائی کھانوں سے کی گئی۔ تقریب کے بعض شرکاء نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے اور توقع ہے کہ آئندہ برس کشمیری بھی ہمارے ساتھ آزادی کا جشن منائیںگے۔ انہوںنے کہا کہ ہم بچوں کو بھی اس تقریب میںساتھ لیکر آئے ہیں تاکہ ان کا پاکستان کے ساتھ تعلق بحال رہے۔

تازہ ترین