• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی کرکٹرز باصلاحیت، سسٹم خراب، بورڈ میں سیاست ہے، گرانٹ فلاور

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے اپنے عہدے سے فارغ ہونے کے بعد پی سی بی کے خلاف منہ کھول دیا۔ ایک کرکٹ ویب سائٹ کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں بھی سیاست ہے، پاکستانی کھلاڑیوں کا جنون، ان کا مزاج اور کھیل سے محبت قابل داد ہے۔ پاکستان کے عوام بہترین دوست اور مہمان نواز ہیں۔ تاہم انہوں نے سابق کھلاڑیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ بلا جواز نکتہ چینی کرتے ہیں، پی سی بی بھی کچھ سیاست دکھائی دیتی ہے۔سابق زمبابوین کرکٹر نے پاکستان کرکٹ کے سسٹم میں خرابیوں کا ذکر کرتے ہوئےکہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے کو مضبوط بنانا ہوگا، پاکستان میں کرکٹ کا بہت ٹیلنٹ ہے، کرکٹرز ملک کی نمائندگی کے لئے بے تاب نظر آتے ہیں۔ بابر اعظم پاکستان کرکٹ ٹیم کا مضبوط کھلاڑی ہے جس کی کوچنگ پر خوشی ہے، بابر اعظم اور حارث سہیل اگلے چند برس میں تسلسل کے ساتھ عمدہ کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، میرے خیال میں حارث سہیل کے جوہر ابھی تک کھل کر سامنے نہیں آسکے، فخر زمان کی بیٹنگ میں تکنیکی مسائل ہیں، اسے بہت زیادہ سخت محنت کرنا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے ساتھ مایوس کن لمحہ ورلڈ کپ کے ابتدائی میچ میں ویسٹ انڈیزسے شکست تھی جو سیمی فائنل میں رسائی کے لئے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوئی۔ انہوں نے امام الحق کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس کے کھیل میں خاصی بہتری آئی ہے، اس میں خود سے آگے بڑھنے کا جذبہ ہے، اس کا واقعی اچھا کیریئر ہوگا۔ اپنے مستقبل کے بارے میں گرانٹ فلاور نے کہا کہ مجھے خود اپنے لئے کوچنگ جاب تلاش کرنا ہوگی۔ تاہم مجھے کسی بھی کوچنگ کے دوران پاکستان میں ملنے والی سابق کھلاڑیوں کی تنقید، بہت سی سیاست جو ٹی وی چینلز کے اندر ہوتی ہے، ان کی کمی محسوس ہوگی۔ انہوں نے کہا بیٹنگ کی کوچنگ میں اعتماد کو دیکھنا پڑتا ہے، اس کا انحصار کھلاڑیوں کے ساتھ آپ کے تعلقات پر ہے کہ آپ ان سے کس طرح حاصل کرسکتے ہیں۔ میں کبھی کبھی کھلاڑیوں پر سختی کرتا تھا ، انہوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کے مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں منفی کے بجائے اپنے لئے مثبت کوشش کرنا ہوگی، وہ باصلاحیت ہیں۔

تازہ ترین