ہارورڈ یونیورسٹی کے 124 طلبہ نے بھارتی حکومت کو ہارورڈ کے طالب علم اور سیاست دان شاہ فیصل سمیت مقامی رہنماؤں کی رہائی کے لیے خط لکھ دیا۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو لکھے گئے خط میں مقبوضہ کشمیر میں لگائی گئی پابندیوں اور مقامی رہنماؤں کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر میں استحکام کے لیے جمہوری اور پُرامن طریقوں کا استعمال کیا جائے۔ سیاست دان شاہ فیصل کو 14 اگست کے روز دہلی کے ایئرپورٹ سے گرفتار کرنے کے بعد سری نگر ہوٹل میں بنائے گئے قید خانے میں منتقل کیا گیا ہے۔
شاہ فیصل نے آرٹیکل 370 کی منسوخی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور اسے کشمیر کے لوگوں کے ساتھ ’دن دہاڑے ڈکیتی‘ اور ’بہت بڑی غداری‘ قرار دیا تھا۔
سوشل میڈیا پر ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اب آپ کے پاس دو ہی راستے ہیں یا بھارتی حکومت کے پِٹھّو بن جاؤ یا پھر علیحدگی پسند۔