• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ابوظبی گروپ کی وارد کمپنی کے سابق چیف ایگزیکٹو پر غبن ، فراڈ اورجعل سازی پر مقدمہ درج

اسلام آباد (زبیر قصوری) پاکستان میں ابو ظہبی گروپ کی نجی کمپنی ون کام کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے ابوظہبی گروپ کے سابق سربراہ عدیل باجوہ کی طرف سے 14؍ ایچ گلبرگ ٹو لاہور میں واقع اربوں روپے کی زمین کے کاغذات میں ہیرا پھیری اور جعلی سازی کرنے کے اقدام کیخلاف پولیس اسٹیشن غالب مارکیٹ گلبرگ 2 میں مقدمہ نمبر 205/19 درج کروادیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق عدیل باجوہ اور اس کے ساتھ نامعلوم دیگرساتھیوں نے ابوظہبی کے حکمر ان اور وزیر تعلیم متحدہ عرب امارات شیخ مبارک النہیان المبارک کی پراپرٹی کے جعل سازی کے ذریعے کاغذ تیار کرکے قبضہ کیا ہے اس حوالے سے انکی پاکستان میں ون کام اور وطین ٹیلی کام کی انتظامیہ نے عدیل باجوہ کے خلاف فوری طور پر مقدمہ درج کروادیا ہے۔ واضح رہے ابو ظہبی گروپ پاکستان میں بینک الفلاح، وطین ٹیلی کام، ون کام اور وارد ٹیلی کام کے اکثریتی اور ملکیتی حقوق رکھتی ہے اور پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کررہی ہے جبکہ عدیل باجوہ اور اس کےساتھی چیف فنانشل آفیسر وطین ٹیلی کام عاقب ذوالفقار اور سابق سربراہ وطین ٹیلی کام رضوان ٹیوانا کو چند ماہ پہلے کمپنی میں اربوں روپے کی کرپشن کرنے پر برطرف کیا گیا تھا۔ ان افراد نے وطین ٹیلی کام میں باہر سے آنے والی انٹرنیشنل ٹیلی کام ٹریفک کے ٹیکسز چوری کرنے کے لئے ملائیشیا میں عاقب ذوالفقار کے نام سے ایک کمپنی بنائی جس کی ابو ظہبی گروپ سے منظوری حاصل نہیں کی گئی تھی اور اس میں کروڑوں ڈالر کی رقم جو وصول کی گئی وہ بھی ان افراد نے جعل سازی کے ذریعے خردبرد کرلی اس حوالے سے ابوظہبی گروپ میں مکمل فرانزک آڈٹ کیا جارہاہے۔ جنگ کے رابطہ کرنے پر سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر عدیل خالد باجوہ نے بتایا کہ میرے خلاف جو ایف آئی آر درج ہوئی اور جو الزامات لگائے گئے ہیں وہ بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 14H گلبرگ والی زمین میں نے شیخ مبارک النہیان المبارک سے خریدی تھی اور میں نے ان کاغذات میں کوئی ہیرا پھیری یا جعل سازی نہیں کی۔
تازہ ترین