• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ: پیپلز پارٹی خواتین ونگ کے زیر اہتمام پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کے زیر اہتمام سابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے انکی اہلخانہ کی ملاقات نہ کرانے ، رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور کو اسپتال سے جیل منتقل کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت صوبائی صدر غزالہ گولہ نے کی ۔اس موقع پر مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے ۔ مظاہرین سے پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی صدر غزالہ گولہ ، پیپلز پارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ ، سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی ، خواتین ونگ کی جنرل سیکرٹری زرینہ زہری ، سیکرٹری اطلاعات نوشین پطرس ، کلثوم افتخار ، پروین مینگل سمیت دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کو عید کی نماز سے روکنا اور انکے اہل خانہ سے ملاقات نہ کرانا قابل مذمت ہے ۔ ملک کو ریاست مدینہ بنانے کے دعویداروں نے اسپتال میں زیر علاج سندھ اسمبلی کی رکن فریال تالپور کو آدھی رات کو زبردستی اسپتال سے جیل بھجوایا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ سلیکٹڈ حکمرانوں کا ایک خاتون کے ساتھ ہتک آمیز رویہ قابل مذمت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور نیب کی جانب سے پیپلز پارٹی کے قائدین کے خلاف انتقامی کارروائیاں عوام پر عیاں ہوچکی ہیں ایسے ہتھکنڈوں سے پیپلز پارٹی کے قائدین کو عوام کے حقوق کی جدوجہد سے دستبردار نہیں کرایا جاسکتا ۔ حکمرانوں کی جانب سے اپوزیشن قائدین کو بے بنیاد مقدمات قائم کرکے جیلوں میں بند کرکے یہ سمجھ لینا کہ وہ حکمرانی کرلیں گے یہ انکی بھول ہے اپوزیشن عوام کے حقوق پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریگی ۔ مقررین نے بھارت کی جانب سے آزاد جموں کشمیر کی حیثیت ختم کرنے کے فیصلے کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی بوکھلاہٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور گزشتہ دو ہفتوں سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے کشمیری عوام کو حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمران اور بھارتی فوج ظلم و جبر کے ذریعے کشمیریوں کو حق خودارادیت کی جدوجہد سے دستبردار نہیں کرسکتے ۔پیپلز پارٹی نے کشمیری عوام کے لئے ہمیشہ آواز بلند کی ہے اورآئندہ بھی کرتی رہے گی ۔
تازہ ترین