• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کاہرلحاظ سےدفاع کرینگے،بھارت نے شملہ معاہدہ ختم کردیا،شیخ رشید

مانچسٹر (نمائندہ جنگ) وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی انیل مسرت کی جانب سے مقامی ریسٹورنٹ ہال میں یوم سیاہ کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان کے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ تقریب میں سیاسی سماجی کمیونٹی اور مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔ یوم سیاہ کی تقریب میں بھارتی جارحیت کے بارے میں آگاہی دی گئی۔ اس موقع پر شیخ رشید احمد نے میڈیا سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے شملہ معاہدہ، لائن آف کنٹرول، لاہور معاہدہ، اقوام متحدہ کی قراردادوں کو روند دیا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں سابق آرمی افسران کو مستقل رہائش پذیر کرنا چاہتا ہے تاکہ مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلا جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں مجاہدین اب مستقبل کا فیصلہ کریں گے اور پاکستان سیاسی سماجی، سفارتی طور پر کشمیریوں کی مدد کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سمجھوتہ ایکسپریس میں دہشت گردی کی گئی میں نے اس بارے میں شدید تحفظات کا اظہار کیا اب بھارت کے اس اقدام کے بعد فی الفور سمجھوتہ ایکسپریس کو بند کر دیا ہے۔ ہم نے جینا مرنا پاکستان اور کشمیریوں کے ساتھ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو کشمیریوں سے وفا نہیں کرے گا وہ غداری کا مرتکب ہو گا۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور آرمی چیف جنرل باجوہ مشترکہ حکمت عملی اپنا رہے ہیں اور ہم آخری سانس اور گولی تک کشمیر کے لیے لڑیں گے پاکستان کا بچہ بچہ مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ کی سوچ بھی بھارت لے بارے میں بدل گئی ہے وہ بھی اب قائد اعظم کے دو قومی نظریہ کے حمایتی بن گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس جنگی سامان نمائش کے لیے نہیں ہے ہمیں پاکستان کا دفاع ہر لحاظ سے کرنا ہے۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ان کا دفاع بھی انہیں ہی کرنا ہے شملہ معاہدےکے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے خود اس کے ٹکڑے کر دئیے اب بچا کیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ مشترکہ حکمت عملی کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں ان سے بندھی امیدوں سے قوم کو کبھی مایوسی نہیں ہو گی۔ میزبان انیل مسرت کا کہنا تھا کہ مودی نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑائی ہیں۔ تقریب میں موجود دیگر شرکاء کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں بالخصوص اور دنیا میں بالعموم پاکستانی و کشمیریوے نے یوم سیاہ کے موقع پر ثابت کیا کہ وہ یکجا نہیں بلکہ یکجان ہیں پاکستانی و کشمیری نژاد برطانوی شہریوں کو اس مسئلہ کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کرنا چاہیے اور بھارت نے جو آرٹیکل370کو ختم کیا ہے اس پر اسے خود شرمندگی ہونی چاہیے۔ شرکائے تقریب کا مذید کہنا کہ اس مسئلہ کا پرامن حل ناگزیر ہے وگرنہ دو ایٹمی طاقتوں کی جنگ سے پوری دنیا اس کی لپیٹ میں آئے گی۔
تازہ ترین