• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن کی اے پی سی کھاؤ، پیو، موجیں اڑاؤ میٹنگ ہوگی: شوکت یوسفزئی

وزیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا شوکت یوسف زئی نے کہا ہےکہ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کھاؤ، پیو، موجیں اڑاؤ میٹنگ ہوگی۔

ایک بیان میں شوکت یوسف زئی نے حزبِ اختلاف کی آل پارٹیز کانفرنس کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی اے پی سی کشمیر کاز میں چھرا گھونپنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس حکومت کے خلاف کوئی ایجنڈا نہیں ہے، یہ خود اندرونی خلفشار کا شکار ہیں، یہ مفاد پرستوں کا ٹولہ ہے جو کبھی متحد نہیں رہ سکتا۔

شوکت یوسف زئی نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن اسلام کے نام پر اسلام آباد آنے کا خواب دیکھ رہے ہیں، حکومت کشمیر کے حقوق کے لیے جبکہ اپوزیشن ذاتی مفاد کے لیے لڑ رہی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہ کہ مولانا فضل الرحمٰن کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہے ہیں، کچھ تو کشمیریوں پر رحم کر لیں، مولانا صاحب بتائیں کہ نواز شریف اور زرداری کی رہائی کی تحریک سے اسلام کو کتنا فائدہ ہو گا۔

واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس آج اسلام آباد میں ہو رہی ہے جس کی صدارت امیرِ جمعیت علمائے اسلام ف مولانا فضل الرحمٰن کریں گے۔

اپوزیشن کی اے پی سی میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف شرکت نہیں کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری اسکردو کے دورے پر روانگی کے باعث جبکہ شہباز شریف کمر کے درد کی وجہ سے شرکت نہیں کر سکیں گے۔

ذرائع کے مطابق اے پی سی میں کشمیر کی صورتِ حال اور مسئلہ کشمیر پر اپوزیشن جماعتوں کی مشترکہ حکمتِ عملی طے کی جائے گی، جبکہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں ناکامی کے بعد کی صورتِ حال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اے پی سی میں مسلم لیگ نون کی جانب سے خواجہ آصف، احسن اقبال اور ایاز صادق جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے یوسف رضا گیلانی، نیر بخاری اور فرحت اللّٰہ بابر شرکت کریں گے۔

آل پارٹیز کانفرنس کے دو سیشن ہوں گے جس میں حریت رہنماء بھی خصوصی طور پر شرکت کریں گے جو پہلے سیشن میں مسئلہ کشمیر پر بریفنگ دیں گے۔

اے پی سی کے دوسرے سیشن میں تمام اپوزیشن جماعتیں اپنا مشترکہ لائحہ عمل طے کریں گی۔

تازہ ترین