• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جعلی اکاؤنٹس کیس، ناصر لوتھا وعدہ معاف گواہ بن گئے

قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں اسے بڑی پیشرفت ہوئی ہے، دبئی کے شہری ناصر عبداللّٰہ لوتھا اس کیس میں وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیرنے ناصر لوتھا کے وارنٹِ گرفتاری منسوخ کر دیے، ناصر عبداللّٰہ لوتھا کو عیدالاضحیٰ سے پہلے احتساب عدالت میں بھی پیش کیا گیا تھا۔

ناصر عبداللّٰہ لوتھا کے وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست پر حتمی فیصلہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کریں گے، جبکہ نیب کی جانب سے اس پیش رفت کو بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری، فریال تالپور، عبدالغنی مجید سمیت اہم ملزمان نامزد ہیں، جبکہ ناصر عبداللّٰہ لوتھا سمٹ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین رہ چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق نیب نے ناصر عبداللّٰہ لوتھا کا بیان بھی ریکارڈ کر لیا ہے اور اہم شواہد حاصل کر لیے ہیں، ناصر لوتھا نے دبئی سے پاکستان آ کر بیان قلمبند کرایا تھا، وہ منی لانڈرنگ ریفرنس میں ملزم نامزد تھے۔

تازہ ترین