بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتابینرجی نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی شدید مذمت کی ہے۔
عالمی یوم انسانیت پر اپنے پیغام میں ممتابینرجی کا کہنا تھا کہ آج دنیا میں انسانیت کا دن منایا جا رہا ہے اور کشمیر میں انسانی حقوق کو بری طرح پامال کیا جا رہا ہے، ہم سب کو کشمیر میں امن اور انسانی حقوق کی بحالی کے لیے دعا کرنی چاہیے۔
واضح رہے کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 کے ذریعے اس کی آئینی حیثیت ختم کرنے کے بعد مودی سرکار کو تنقید کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں مسلسل 15 ویں روز بھی صورتحال خراب ہے، وادی میں قابض بھارتی انتظامیہ نے مکمل لاک ڈاؤن برقرار رکھا ہوا ہے۔
مودی سرکار نے بھارت مخالف آوازیں دبانے کے لیے اب تک چار ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔