• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

وزیراعظم نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کیلئے اپنا آئینی اختیار استعمال کیا، شاہ محمود


اسلام آباد(ایجنسیاں) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے مقبوضہ جموں و کشمیر اور افغانستان کی صورتحال کے تناظر میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کیلئے اپنا آئینی اختیار استعمال کیا ہے‘ وفاقی وزیرفیصل واوڈاکا کہناہے کہ موجودہ حالات میں قمر جاوید باجوہ وقت کی ضرورت ہیں‘معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع نہیں ہے یہ ان کی خدمات کا تسلسل ہے‘وفاقی وزیرشیخ رشیدکے مطابق جنرل قمرجاویدباجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع پوری دنیاکیلئے پیغام ہے کہ پاکستان میں جمہوری حکومت اورفوج ایک پیج پرہیں‘وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کافیصلہ ملکی استحکام کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا‘جے یوآئی کے امیر مولانا فضل الرحمن کا کہناہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع معمول کا فیصلہ ہے ‘اس کو سیاسی نکتہ نظرسے نہ دیکھاجائے‘اے این پی کے مرکزی صدر اسفندیارولی کے مطابق یہ اداروں کا معاملہ ہے ‘اس پر تبصرے کی ضرورت نہیں‘سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے امیدظاہر کی کہخدا کرے یہ فیصلہ ملک اور قوم کیلئے مبارک ہو۔تفصیلات کے مطابق پیر کو اپنے ایک بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم نے مقبوضہ جموں و کشمیر اور افغانستان کی صورتحال کے تناظر میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کیلئے اپنا آئینی اختیار استعمال کیا ہے‘ ایک واضع پیغام آج دنیا کے سامنے ہے کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہے۔ادھرسرکاری ٹی وی سے گفتگومیں معاون خصوصی اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع نہیں ہے یہ ان کی خدمات کا تسلسل ہے ، توسیع ریٹائرڈ شخص کو دینا ہوتی ہے جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ حاضر سروس ہیں‘شمالی اور جنوبی سرحدکی صورتحال ، سکیورٹی کو درپیش چیلنجز کا سب کو ادراک ہے‘ پاکستان میں قومی مفاد اور بین الاقوامی بیانیے کو قومی بیانیے کے ساتھ آگے بڑھانے کےلئے ایسے موثر فیصلے کرنے کی ضرورت ہے،ہم اس وقت حالت جنگ میں ہیں۔وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ جنرل قمرجاویدباجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع پوری دنیاکیلئے پیغام ہے کہ پاکستان میں جمہوری حکومت اورفوج ایک پیج پرہیں، جدوجہدآزادی کشمیر اورمودی کے جارحانہ اقدام کیخلاف یہ زبردست فیصلہ ہے جس پر عالمِ اسلام خوش ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے لندن سے وطن واپسی پر اپنے ایک ویڈیوپیغام میں کیا۔ شیخ رشیداحمد نے کہاہے کہ ساری قوم، عالم اسلام اور کشمیری عوام اس پرخوش ہیں۔معاون خصوصی برائے سیاسی امورنعیم الحق نے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ جنرل باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ جنرل باجوہ کی قائدانہ صلاحیتیں‘ حب الوطنی وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

تازہ ترین