• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں ابرار الحق اور صحافی کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ

تصویر بشکریہ سوشل یڈیا
تصویر بشکریہ سوشل یڈیا

معروف گلوکار، سیاست دان اور فلاحی کارکن ابرار الحق ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے جب برطانیہ میں ایک فلاحی کنسرٹ کے دوران ان کا صحافی سے سخت جملوں کا تبادلہ ہوگیا۔

ابرار الحق پاکستان کی موسیقی میں اپنے شہرۂ آفاق بھنگڑا گانوں کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں، انہوں نے مقبول گانوں کے ذریعے بھنگڑا میوزک کو نئی پہچان دی، گزشتہ کچھ عرصے سے وہ سیاست سے نسبتاً دور ہوکر اپنی فلاحی تنظیم سہارا ٹرسٹ پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں اور مختلف چیریٹی کنسرٹس میں شرکت کر رہے ہیں۔

چند ماہ قبل ایک فلاحی تقریب میں ان پر اس وقت تنقید ہوئی تھی جب ایک شخص اپنا بچہ لے کر اسٹیج پر آیا اور ابرار الحق نے 5 ڈالر کا نوٹ اپنی جیب میں رکھ لیا تھا، جو بظاہر عطیہ کی رقم تھی، اس واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں اور انہیں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

حال ہی میں برطانیہ میں ایک اور چیریٹی کنسرٹ کے دوران ایک صحافی نے اسی معاملے پر سوال اٹھایا اور الزام عائد کیا کہ انہوں نے عطیہ کی رقم اپنی جیب میں رکھی، اس پر ابرار الحق برہم ہوگئے اور جذباتی انداز میں وضاحت پیش کی۔

ان کا کہنا ہے کہ میں نے رقم عارضی طور پر اس لیے جیب میں رکھی تھی کیونکہ میں اس وقت بچے کو سنبھال رہا تھا، بعض لوگ محض ویوز اور شہرت حاصل کرنے کے لیے منفی پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔

تقریب کے دوران دونوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، تاہم بعد ازاں مذکورہ صحافی نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ اب ان کی تمام غلط فہمیاں دور ہوچکی ہیں۔

یہ واقعہ سوشل میڈیا پر بھی زیرِ بحث ہے، جہاں کچھ صارفین ابرار الحق کی وضاحت کو تسلیم کر رہے ہیں جبکہ بعض اب بھی سوالات اٹھا رہے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید