• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی صفائی مہم کی اب کوئی ڈیڈلائن نہیں، علی زیدی

وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ کراچی صفائی مہم کی اب کوئی ڈیڈلائن نہیں، اب صفائی کا ہدف پورا کرنا چاہیں گے۔


میڈیا سے گفتگو میں علی زیدی نے کہا کہ سندھ حکومت نے پچھلے 11سال صفائی کی نہ اگلے 11سال کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے کچرا پھینکنے کے لیے جن جگہوں کی نشاندہی کی وہ غلط تھیں، لوکل گورنمنٹ اور سندھ اسمبلی کے ارکان نے جن گاربیج ٹرانسفر مراکز کی نشاندہی کی، وہیں کچرا ڈالا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جی ٹی ایس سے کچرا لینڈ فل سائٹ منتقل کرنے کی ذمہ داری سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کی ہے، لینڈ فل سائٹ تک بھی کچرا خود لے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ناصر حسین شاہ کے ہاتھ بھی کہیں نہ کہیں جاکر پھنستے ہوں گے، مگر وہ کوشش کر رہے ہیں، سندھ حکومت سے نہ لوگ نہ ہی مشینیں مانگی ہیں، صرف جی ٹی ایس کی تحریری طور پر تفصیل مانگی ہے۔

علی زیدی نے یہ بھی کہا کہ کراچی میں ڈی ایم سی جنوبی کے دفتر میں 100 گاڑیاں کھڑی ہیں، گاڑیوں پر ایس ایس ڈبلیو ایم بی کا لوگو لگا ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کی اور اس پر لکھا کہ ایس ایس ڈبلیو ایم بی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا مخفف ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نالے صاف کرنے کی وجہ سے 175 ملی میٹر بارش میں بھی آئی آئی چندریگر روڈ نہیں ڈوبی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس شہر میں کوئی منصوبہ بندی نہیں، 60 فیصد آبادی منصوبہ بندی سے محروم علاقوں میں رہتی ہے۔

علی زیدی نے کہا کہ آپ کو یہ جان کر حیرانی ہوگی کہ صوبائی وزیر سعید غنی کی گلی لندن کی گلیوں کی طرح چمک رہی ہوتی ہے،  اس پر مزید تبصرہ نہیں کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ تمام کونسلرز اور ارکان پر واضح کردیا تھا مہم میں صرف پاکستان کا جھنڈا استعمال کریں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پہلے بلدیاتی اور اب اطلاعاتی کہہ رہے ہیں اس سے بہتر تو کچرا نالوں پر ہی پڑا رہے، ہم پہلے سمجھتے تھے کہ سب کی نیت صاف ہے،ہم اب بھی یہی سمجھتے ہیں۔

تازہ ترین