• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کل مسالک علماء بورڈ کاقیام امن کیلئے ضابطہ اخلاق جاری

لاہور(نمائندہ جنگ) کل مسالک علماء بورڈ نے محرم الحرام میں قیام امن کیلئے 10 نکاتی ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے ،جامع مسجد کبریٰ نیوسمن آباد لاہور میں کل مسالک علماء بورڈ کے چیئرمین مولانامحمدعاصم مخدوم نے میڈیا کو ضابطہ اخلاق جاری کرتے ہوئے کہاکہ کل مسالک علماء بورڈ پاکستان کا واحد کل مسالک پلیٹ فارم ہے جو بلارنگ و نسل و مکتبہ فکر انتہاپسندی کے خلاف سرگرم عمل ہے ، اجلاس میں متفقہ ضابطہ اخلاق کے اہم نکات میں شامل ہے کہ مذہب یا مسلک کے نام پر فرقہ واریت اور دہشت گردی خلاف اسلام اور خلاف قانون ہے ۔کسی بھی مسلمان فرقے کی تکفیر جائز نہیں ۔آئین پاکستان میں مسلمان کی تعریف تمام اکابر کے درمیان متفق علیہ ہے، ۔مقدس شخصیات میں کسی کی توہین یا تحقیر کرنا جرم ہے ۔علماء کرام محرم الحرام کے پروگرامات ،تقریبات اور خطبات جمعہ میں بین المسالک ہم آہنگی پر تفصیلی گفتگو فرمائیں، محرم الحرام میں اہل سنت اور اہل تشیع ایک دوسرے کو اپنے اپنے پروگرامات میں دعوت دیں مذہبی رسائل ،اخبارات ،پمفلٹس،سوشل میڈیا فساد برپاکرنیوالی تقریروں پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔ مسلکی ہم آہنگی کے لئے اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات ،علماء کے بائیس نکات اور آئین پاکستان میں موجود قوانین پر عمل درآمد کیا جائے ۔ ۔ فرقہ واریت پھیلانے والے مذہبی راہنماوں کوشر انگیز تقاریر سے روکا جائے ۔ مجالس اور جلوسوں کے اوقات کی پابندی کی جائے ۔کل مسالک علماء بورڈ کے خطباء مساجد،قائدین وارکان کے لئے اتحاد امت کا بیانیہ مفت تقسیم کیا جائے گا ۔
تازہ ترین