• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ نے عمر قید کی سزا پانے والے کو بری کر دیا

سپریم کورٹ آف پاکستان نے عمر قید کی سزا پانے والے قیدی کو بری کر دیا۔

سپریم کورٹ میں سرگودھا کے رہائشی شخص نصر اللّٰہ کے قتل سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ نے کی۔

ٹرائل کورٹ نے محمد ممتاز کو موت کی سزا سنائی تھی، جبکہ ہائی کورٹ نے سزائے موت کو عمر قید کی سزا میں تبدیل کر دیا تھا۔

عدالتِ عظمیٰ نے گواہی جھوٹی ہونے کی بنیاد پر ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے قتل کے الزام میں قید ملزم محمد ممتاز کو بری کر دیا۔

دورانِ سماعت چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیئے کہ جب سے جھوٹے گواہوں کے خلاف کارروائی شروع ہوئی ہے، گواہان بھاگنا شروع ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ 1951ء کے بعد جب سے چیف جسٹس منیر کا جھوٹی گواہی سے متعلق فیصلہ آیا معاملہ خراب ہوا، عدالت نے فیصلے میں لکھا تھا کہ گواہ کو جھوٹ بولنے دیں، ہم سچ اور جھوٹ کا خود پتہ لگا لیں گے۔

چیف جسٹس پاکستان نے اپنے ریمارکس میں مزید کہا کہ نہ اسلام جھوٹ کی اجازت دیتا ہے اور نہ قانون، تو عدالت کیسے جھوٹ کی اجازت دے سکتی ہے۔

چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے یہ بھی کہا کہ کتنے ہی لوگ جھوٹے گواہوں کی وجہ سے تکلیف اور مصیبت برداشت کرتے ہیں۔

تازہ ترین