• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برمنگھم میں بھارتی قونصلیٹ کے سامنے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کیخلاف مظاہرہ

برمنگھم (پ ر) مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو ظلم و ستم اور بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف برطانیہ میں مظاہروں اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے تحریک کشمیر برطانیہ اور دختران کشمیر برطانیہ کے زیر اہتمام بھارتی قونصلیٹ برمنگھم کے سامنے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی بھارت کو دہشت گرد ملک قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا کشمیریوں کا قتل عام بند کیا جائے بھارتی فوج کشمیر سے نکل جائے چھین کے لیں گے آزادی کے نعرے لگائے گئے۔مظاہرے کی قیادت تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب، برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی، دختران کشمیر کی چیئر پرسن زبیدہ خان شاہنواز حیدر، اعظم فاروق، چوہدری محمد شکیل، صاحب زادہ فاروق القادری، چوہدری محمدامین، نجیب افسر، حافظ محمد ادریس، چوہدری آفتاب،، رانا ربنواز ،غضنفر محمود اور مختلف کشمیری اور پاکستانی سیاسی جماعتوں کے مرد اور خواتین رہنما ئوں نے شرکت کی۔ تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے گذشتہ دو ہفتوں سے مسلسل کرفیو اور کشمیر کو جیل میں تبدیل کر رکھا باہر سے کوئی رابطہ نہیں ہو رہا یہ صورت حال انتہائی تشویشناک ہے بھارت کی آٹھ لاکھ فوج اور مودی کے غنڈوں کو کھلی چھٹی ملی ہوئی ہے کہ وہ قتل عام جاری رکھیں اقوام عالم کی خاموشی سے بھارت کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے ، راجہ فہیم کیانی نے کہا کہ بھارت کو حکمرانوں کے لیے یہ پیغام ہے کہ وہ جتنا ظلم اور کشمیریوں کا قتل عام کر لیں کشمیری بھارت کے غاصبانہ قبضہ کو تسلیم نہیں کرتے بھارت کو آخر کشمیر سے نکلنا ہوگا اور بھارت کے مظالم اور بربریت کے خلاف احتجاج اور مظاہرے جاری رہیں گے۔ زبید خان نے کہا کہ بھارت جیسے قاتل اور انسانیت کے دشمن ملک کو دہشت گرد قرار دینا چاہئے نریندر مودی جس راستے پر چل رہا ہے اس سے تباہی اور بربادی ہوگی کشمیری اپنے حق خودارادیت سے دستبردار ہونے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
تازہ ترین