• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مودی کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا جائے، سالیسٹر سمیرہ رزاق

مانچسٹر (غلام مصطفی مغل) ہیومن رائٹس کی رہنما سالیسٹر سمیرہ رزاق مغل نے روزنامہ جنگ لندن سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنا ہوگا، کشمیریوں کو جیلوں میں بند کرنا اور ان سے ملاقاتیں بھی نہیں ہورہی ہیں، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی قانونی حیثیت کو تبدیل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستمبر میں نریندر مودی کی امریکہ آمد کے موقع پر شدید احتجاج کیا جانا چاہئے، تاکہ دنیا کو بتایا جائے کہ بھارتی افواج کھلم کھلا دہشت گردی کررہی ہے اور مقبوضہ کشمیر میں معصوم شہریوں کو ظلم کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انسانی حقوق کو پامال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور آبادیاتی تناسب تبدیل کرنے کے حوالہ سے ہندوستان کے یکطرفہ اقدامات سے عالمی برادری کو آگاہ کیا جانا چاہئے، تاکہ بین الاقوامی طاقتیں فوری نوٹس لے کر کشمیریوں کی آزادی کو یقینی بنائیں، انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان دو ایٹمی قوتوں کے مابین کشیدگی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے، اس لئے ضروری ہے کہ بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو حل کیا جائے اور کشمیریوں کی آزادی کے لئے اقدامات کئے جائیں۔
تازہ ترین